سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا اور عیدالفطر بروز اتوار 25 جون کو ہوگی۔

سعودی میڈیا کے مطابق ملک میں شوال کا چاند نظرآگیا ہے اور کل عیدالفطر منائی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا اور ہانگ کانگ کے علاوہ مشرق وسطیٰ سمیت یورپی ممالک میں بھی اتوار کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

پاکستان میں شوال کے چاند کےلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو پشاور میں ہوگا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ عید الفطر 26 جون کو ہونے کے واضح امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق فلکیات کے پیرامیٹرز تجویز کرتے ہیں کہ شوال کا نیا چاند 25 جون کو دیکھا جاسکے گا۔

محکے کے مطابق 'شوال کا چاند 24 جون کی صبح 7 بج کر 31 منٹ پر کراسنگ کنجنکشن پوائنٹ پر پیدا ہوجائے گا اور رمضان کی 29 تاریخ یعنی 25 جون کی شام واضح طور پر دکھائی دے گا۔

میٹ آفس کا کہنا ہے کہ عید الفطر کا چاند ملک کے زیادہ تر علاقوں میں دکھائی دے گا تاہم موسم 'کافی یا جزوی ابرآلود' ہوگا۔

پشاور:مسجد قاسم علی خان کا عیدکا اعلان

پشاور کی مسجد قاسم علی خان کی 12 رکنی کمیٹی نے خیبرپختونخوا میں شوال کا چاند نظر کا اعلان کرتے ہوئے 25 جون اتوار کو عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا۔

مولانا سمیع اللہ جان فاروقی نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 12 رکنی کمیٹی کو چاند نظر آنے کے حوالے سے صوبہ بھر سے 54 شہادتیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 41 کی تصدیق کی گئی۔

خیال رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند دیکھنے کے لیے اپنا اجلاس پشاور میں طلب کرلیا ہے تاہم مسجد قاسم علی خان کی کمیٹی نے پہلے ہی عید کا اعلان کردیا۔

آخری اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی کے پیش نظر رویت ہلال کمیٹی نے اپنا اجلاس پشاور کے بجائے اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں