ہولی وڈ کی 1995 میں ریلیز ہوئی کامیاب فلم ’جومانجی‘ ایک بورڈ گیم پر بنائی گئی فلم تھی، جس میں دو بچے اس گیم کو کھیلنا شروع کرتے اور اس کی دنیا میں داخل ہوجاتے اور اب اس فلم کا دوسرا حصہ ریلیز ہونے جارہا ہے جو بالکل مختلف ہے۔

فلم ’جومانجی: ویلکم ٹو دی جنگل‘ کا ٹیزر حال ہی میں ریلیز کیا گیا جسے دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ فلم اپنے پہلے حصے جیسی ہی ہوگی، تاہم اس کے مکمل ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد پتا چلا کے یہ کسی بورڈ گیم پر نہیں بلکہ ایک ویڈیو گیم پر مبنی ہے۔

فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا کہ چار نوجوان ایک ویڈیو گیم جس کا نام ’جومانجی‘ ہے کھیلنا شروع کرتے ہیں، جس میں اپنے پسند کے کرداروں کا انتخاب کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’جومانجی 2‘ کا ٹیزر ریلیز

تاہم کھیل کا آغاز ہوتے ہی یہ چاروں خود اس ویڈیو گیم کی دنیا جو کہ ایک جنگل ہے میں داخل ہوجاتے اور اپنے پسند کیے کردار کا روپ دھار لیتے ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں ہولی وڈ اداکار ڈیوین جانسن (دی راک)، جیک بلیک اور نک جونس سمیت کئی نامور اداکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم ’جومانجی: ویلکم ٹو دی جنگل‘ رواں سال 20 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں