کریم اور اوبر کے مقابلے میں ڈائیوو رائیڈ شیئرنگ ایپ متعارف

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2017
— فوٹو بشکریہ ڈائیوو کیب فیس بک پیج
— فوٹو بشکریہ ڈائیوو کیب فیس بک پیج

پاکستان میں اس وقت رائیڈ شیئرنگ ایپس اوبر اور کریم کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے مگر اب ان کے لیے ڈائیوو کی شکل میں ایک سخت حریف سامنے آگیا ہے۔

پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق جیسا آپ کو یاد ہوگا کہ اوبر اور کریم کی آمد سے قبل ٹیکسیوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا جبکہ بہت کم تعداد میں کیب سروسز بھی دستیاب تھیں۔

اس زمانے میں ڈائیوو بھی اہم کیب سروسز میں سے ایک تھی اور اب اس کمپنی نے رائیڈ شیئرنگ سروسز کی مارکیٹ میں بھی اپنا حصہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک نئی ایپ جاری کی ہے جو کہ براہ راست کریم اور اوبر کے مخالف ہے۔

مزید پڑھیں : اوبر بمقابلہ کریم : کونسی سروس زیادہ بہتر؟

ڈائیوو کی یہ ایپ رائیڈ سروس لاہور، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، پشاور، ایبٹ آباد، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکھر میں دستیاب ہوگی۔

کراچی کے صارفین پرومو کوڈ DAEWOOFIRST کو استعمال کرکے شہر میں پہلی رائیڈ پر تین سو روپے کی رعایت حاصل کرسکیں گے۔

تاہم دیگر رائیڈ شیئرنگ سروسز کے مقابلے میں ڈائیوو میں صرف بزنس کلاس گاڑیاں (ٹویوٹا کرولا ایکس ایل آئی اور ایسی ہی دیگر) کی پیشکش کی جارہی ہے جو کہ کریم اور اوبر کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہیں۔

ویسے یہ ایپ ڈیزائن کے حوالے سے کریم سے کافی ملتی جلتی ہے، تاہم اینیمیشن اور اچھی طرح پالش نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کریم اور اوبر کے بعد اب بائیکیا — آزمائش شرط ہے

آپ کو پہلی بار ایپ اوپن کرنے کے لیے سائن اپ یا سائن ان ہونے کی ضرورت ہوتی ہے جس کے بعد رجسٹریشن ہوتی ہے اور پھر ایک سادہ بکنگ پیج نظر آتا ہے۔

اس ایپ میں گوگل میپ کو صارف کی پک اور ڈراپ لوکیشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

کریم کی طرح ڈائیوو کی جانب سے بھی ابھی now/later آپشن رائیڈ کی بکنگ کے لیے دیا گیا ہے۔

اس کا کرایہ کریم یا اوبر سے زیادہ ہے، جیسے اگر تینوں میں کسی ایک جگہ کا سفر کیا جائے تو کریم گو پر 230 سے 250 سو، اوبر پر 150 سے 200 جبکہ ڈائیوو پر 480 روپے خرچ ہوں گے۔

یعنی ہر ایک اس سروس کو استعمال کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

تاہم مستقبل قریب میں توقع کی جاسکتی ہے کہ یہ صارفین کے لیے سستے آپشن بھی فراہم کرسکتی ہے، جبکہ ڈائیوو ٹرانسپورٹ سروس میں ایک پرانا نام ہے، اسی لیے اوبر اور کریم کو سخت ٹکر کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ صارفین اس لنک سے ڈائیوو ایپ ڈاﺅن لوڈ کریں۔

آئی او ایس صارفین اس لنک پر جائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں