جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لے کر انگلینڈ کو فتح سے ہمکنار کرانے والے آل راؤنڈر معین علی نے اپنی شاندار کارکردگی سابق پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق کے نام کردی۔

لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں معین نے بیٹنگ اور پھر باؤلنگ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

انہوں نے پہلے بیٹنگ میں مشکل وقت پر 87 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں چار وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی پہلی اننگز میں 97 رنز کی برتری میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

تاہم یہ ان کی دوسری اننگز میں باؤلنگ تھی جس نے پورے میچ کا نقشہ بدل کر رکھ دیا جہاں انہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ دس وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔

شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے معین علی نے اپنی کامیابی سابق پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق کے نام کر دی جو ان دنوں انگلش ٹیم کے ساتھ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

معین نے کہا کہ میں ثقلین مشتاق سے گفتگو کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھا، اس سے چیزیں بہت زیادہ واضح ہو گئیں اور میں یہ کارکردگی انہی کے نام کرنا چاہتا ہوں۔

تبصرے (0) بند ہیں