نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد ، بالائی پنجاب اور کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ تیزبار ش اور سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب، خیبر پختونخواہ ، وفاق کے زیرقبائلی علاقوں (فاٹا) اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیزبار ش کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے 13 جولائی کے دوران پنجاب، خیبر پختونخواہ اور گلگت کے علاوہ دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں اور محکمہ جات کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ادارے تیار رہیں اور ضروری احتیاطی اور حفاظتی اقدامات بر وقت مکمل کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی بارش، کرنٹ لگنے سے بچوں سمیت 5 جاں بحق

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران دریائے چناب، جہلم، ستلج، اور راوی سے منسلک نالوں میں درمیانے اور بڑے درجے کا سیلاب بھی آ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام شہروں میں نکاسی آب کے موثرنظام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور اپنے طور پر الرٹ جاری کیا جائے۔

مزید پڑھیں:ملک بھر میں مون سون بارشوں سے 28 افراد ہلاک

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے عوام الناس کو بارشوں کے دوران بجلی کے تاروں سے دور رہنے اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کرنے کے لیے آگاہی فراہم کی جائے۔

این ڈی ایم اے نے قومی ادارہ برائے صحت (این ایچ آئی) اور نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی پریپئرڈنس اینڈ رسپانس نیٹ ورک کو اپنے عملے کو تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مون سون بارشوں کے پہلے سلسلے میں ملک بھر میں 28 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں