پاکستان کے معروف گیم شو’ جیتو پاکستان‘ کے میزبان فہد مصطفیٰ کو کون نہیں جانتا، ان کے گیم شو کا شمار ملک کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شوز میں ہوتا ہے۔

فہد مصطفیٰ کا گیم شو جیتو پاکستان نہ صرف رمضان بلکہ دیگر دنوں میں بھی شوق سے دیکھا جاتا ہے۔

فہد مصطفیٰ کی اداکاری یا صلاحیتیں صرف گیم شو کی میزبانی تک محدود نہیں،انہوں نے’نامعلوم افراد‘ ’ماہ میر‘ اور ’ایکٹر ان لا‘ جیسی فلموں میں جاندار کردار ادا کرکے خود کو فلم انڈسٹری میں بھی منوایا۔

ان دنوں فہد مصطفیٰ اپنی والی فلموں ’نامعلوم افراد 2‘ اور ’یہ جوانی پھر نہیں آنی‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، ان کی فلم نامعلوم افراد 2 عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

یہ بھی پڑھیں: فہد مصطفیٰ پاکستان کے نئے فلمی سپر اسٹار

فہد مصطفیٰ کہتے ہیں کہ وہ واحد پاکستانی اداکار ہیں، جو بولی وڈ میں گئے بغیر مشہور ہوئے، وہ سخت محنت اور صرف اور صرف محنت پر یقین رکھتے ہیں۔

ڈان امیجز کی جانب سے فہد مصطفیٰ سے انٹرویو کیا گیا، جس میں انہوں نے اپنے گیم شو، ٹیلی وژن اور فلمی کیریئر سمیت اپنے ماضی کی باتیں بھی شیئر کیں۔

فہد مصطفیٰ نے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ’ انہیں اب بھی وہ وقت یاد ہے، جب وہ موٹر سائیکل یا پبلک بس میں سفر کرتے تھے۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

ایکٹر ان لا ہیرو نے بتایا کہ انہوں نے زندگی میں کچھ غلط فیصلے بھی کیے، جن پر انہیں افسوس رہے گا، انہوں نے اپنی نامکمل میڈیکل کی تعلیم کو غلطی قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں وہ ایسی غلطیاں نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: اوم پوری اور فہد مصطفیٰ کا دلچسپ ڈانس

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا گیم شو پاکستان میں سب سے زیادہ ریٹنگ پر چلتا ہے، تاہم انہوں نے اپنے ٹی وی چینل کی انتظامیہ سے اس حوالے سے کبھی نہیں پوچھا، اور نہ ہی کبھی ریٹنگ کے حساب سے ڈمانڈ کی۔

فہد مصطفیٰ نے میزبان عامر لیاقت حسین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصروفیات کے باوجود وقت نکال کر عامر لیاقت کا پروگرام دیکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 3 سال قبل جب وہ ہم ٹی وی نیٹ ورک پر ایک شو کرتے تھے، اس وقت صرف ایک فون کال پر عامر لیاقت ان کے پروگرام میں شریک ہوئے تھے۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

فلم ماہ میر کو اچھی پذیرائی نہ ملنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ’ ہر اچھے اداکار کو ماہ میر جیسی فلم میں کام کرنا چاہئیے، اور یہ کہ وہ سندھی اسپیکنگ بولنے والے ہیں، اس لیے انہوں نے میر کا کردار اچھے طریقے سے کیا۔

بولی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اگر انہیں موزوں پیش کش اور اچھے کردار کی آفر ہوئی تو وہ ضرور سوچیں گے، تاہم وہ واحد پاکستانی اداکار ہیں، جو بولی وڈ گئے بغیر مشہور ہوئے‘۔

یہ بھی پڑھیں: فہد مصطفیٰ کا ٹی وی سے دور ہونے کا اعلان

فہد مصطفیٰ نے کسی کا نام لیے بغیراشارتا کہا کہ بولی وڈ میں کام کرنے کے بعد کچھ اداکاروں کے مطالبات بڑھ جاتے ہیں، لیکن ساتھ ہی انہوں نے جاوید شیخ کی مثال دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

فہد مصطفیٰ نے کہا کہ جاوید شیخ نے دنیا بھر میں کام کیا، لیکن وہ یہاں بھی ایک عام اداکار کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

فہد مصطفیٰ کا مکمل انٹرویو اس لنک پر بھی پڑھا جاسکتا ہے۔

—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں