کراچی: حکومت سندھ نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں مزید 90 روز کی توسیع کردی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رینجرز کے اختیارات میں مزید 3 ماہ کی توسیع کے لیے منظوری دی۔

یاد رہے کہ رینجرز کے خصوصی اختیارات 14 جولائی کو ختم ہورہے تھے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں رینجرز اختیارات کا معاملہ دبئی میں ’زیر غور‘

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 12 اکتوبر تک کی توسیع کردی گئی۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب رینجرز کے خصوصی اختیارات ختم ہونے سے قبل ہی ان میں توسیع کرنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ اس سے قبل ہمیشہ ہی یہ معاملہ تنازعات کا شکار ہوتا آیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں سندھ کابینہ نے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی منظوری دی تھی، ان اختیارات کے تحت رینجرز کو ملزمان کو گرفتار کرکے تحقیقات کرنے کی اجازت بھی دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت سے 'کشیدہ' تعلقات: آئی جی نے خاموشی توڑ دی

اس سے قبل متعدد مرتبہ رینجرز کے پولیسنگ اختیارات کا معاملہ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان کشیدگی کاباعث بنتا رہا۔

علاوہ ازیں یہ خبریں بھی سامنے آرہی تھیں کہ سندھ حکومت رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کے لیے 'پنجاب ماڈل' اپنانے پر غور کررہی تھی جس کے بعد پیرا ملٹری فورس دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں پولیس کی مدد کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں