ارشد خان عرف 'چائے والا' کس ملک کا شہری ہے؟

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2017
ارشد خان کی وائرل ہونے والی تصویر—فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
ارشد خان کی وائرل ہونے والی تصویر—فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دعوے کے بعد راتوں رات شہرت حاصل کرنے والے ارشد خان عرف 'چائے والا' کی قومیت کے تنازع نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز نادرا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ نیلی آنکھوں والے ارشد خان درحقیقت پاکستانی شہری ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل میڈیا رپورٹس میں یہ انکشاف کیا گیا تھا پاکستان اور دنیا بھر میں انٹرنیٹ سیلبرٹی بن جانے والا ارشد خان افغان شہری ہے اور وہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہے۔

ان رپورٹس میں دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ارشد خان کی قومیت سے متعلق یہ معلومات نادرا ریکارڈ سے سامنے آئی ہیں۔

مذکورہ خبر پر پاکستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

اپنے ٹوئٹرپیغام میں افغان سفیر کا کہنا تھا کہ 'ہاں واقعی، ارشد خان افغان شہری ہے'۔

تاہم ڈان سے گفتگو میں نادرا حکام نے بتایا کہ ادارے کے متعلقہ ونگ نے حال ہی میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اجراء کے لیے شناخت کی تصدیق کے سلسلے میں ارشد خان کا انٹرویو کیا۔

نادرا حکام کے مطابق ارشد خان کے والد نے اپنا پہلا پاکستانی شناختی کارڈ 70 کی دہائی میں حاصل کیا جبکہ ارشد خان کے دیگر اہل خانہ بھی پاکستانی شناختی کارڈ ہولڈر ہیں۔

عہدیدار نے بتایا کہ ارشد خان کا نام پہلے زر خان ہوا کرتا تھا جو انہوں نے پالیسی کے تحت تبدیل کیا جبکہ ان کے نئے نام پر نادرا کا جاری کردہ چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ موجود ہے.

انہوں نے مزید بتایا کہ ارشد خان کے والد باز خان اور والدہ ساران خان کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ موجود ہیں.

یہ بھی پڑھیں: 'چائے والا' موٹر سائیکل کے اشتہار میں

نادرا کے عہدیدار کےٍ مطابق 'باز خان کی تین بیویاں اور درجن سے زائد بچے ہیں اور سب کلیئر ہیں جبکہ ارشد خان کے والدین کے پاس رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو جاری ہونے والا رہائش کا ثبوت (پی او آر) بھی موجود نہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ نادرا کا سسٹم خودکار طور پر ان افراد کے شناختی کارڈز کو بلاک کردیتا ہے جن کے والدین کا پی او آر موجود ہو لہذا اس سسٹم کو دھوکا دینا ممکن نہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ ارشد خان نے 18 سال کی عمر مکمل ہونے سے تین روز قبل رمضان میں نادرا ہیڈکوارٹرز کا رخ کیا تھا جس پر انہیں چند دن بعد واپس آنے کا کہا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ 'جب چند دن بعد ارشد خان واپس نادرا آفس آیا تو آپریٹنگ کے معیاری طریقہ کار کے تحت کام کیا گیا'۔

نادرا حکام نے اس تاثر کو بھی مکمل طور پر مسترد کیا کہ ارشد خان نے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے خود کو باز خان کا بیٹا ظاہر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے تحت تصدیق کے لیے درخواست گزار کو اپنے ساتھ قریبی رشتے دار کو لانا ہوتا ہے اور ارشد خان اپنے بھائی کے ہمراہ نادرا ہیڈکوارٹرز پہنچا تھا۔

مزید پڑھیں: 'چائے والا' اب میوزک ویڈیو کا بھی حصہ

اس حوالے سے جب ارشد خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ڈان کو بتایا کہ وہ نادرا کو اپنی پاکستانی قومیت کے تمام شواہد دے چکے ہیں.

ارشد خان کا کہنا تھا کہ ان کے والد باز خان 1958 میں سرگودھا میں پیدا ہوئے، دادا کے انتقال کے بعد والد نے لاہور کا رخ کیا اور بعد ازاں 13 سال سعودی عرب میں کام کیا جبکہ گذشتہ تین دہائیوں سے ان کی فیملی اسلام آباد کے علاقے گولڑا میں رہائش پذیر ہے.

ارشد خان کا مزید بتانا تھا کہ وہ 13 بہن بھائی ہیں، جن میں سے 3 کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ موجود ہیں جبکہ باقی بہن بھائی چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ہولڈر ہیں.

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بھائی دور محمد کے ہمراہ شناختی کارڈ بنوانے نادرا ہیڈکوارٹرز گئے تھے جبکہ ان کے دوسرے بھائی نور محمد نے بھی ان کے ساتھ شناختی کارڈ کے لیے اپلائی کیا.

7 جون کو ارشد خان کو جاری ہونے والے قومی شناختی کارڈ کے مطابق وہ 7 جون 1999 کو پیدا ہوئے، ان کے والد کا موجودہ شناختی کارڈ 13 نومبر 2008 کو جاری ہوا جس کی تاریخ تنسیخ 31 اکتوبر 2018 ہے جبکہ اس سے قبل 10 اپریل 1984 میں بھی ان کو شناختی کارڈ جاری ہوچکا ہے.

یاد رہے کہ خوبرو 'چائے والا' ارشد خان گذشتہ سال اس وقت مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچے تھے جب اسلام آباد کی ایک فوٹوگرافر نے ان کی تصویر کھینچ کر انٹرنیٹ پر شیئر کی تھی.

اس تصویر کے شیئر ہونے کے بعد ارشد خان راتوں رات انٹرنیٹ پر مشہور ہوگئے تھے.

اس مقبولیت کے بعد اسلام آباد کے پشاور چوک کے اتوار بازار میں چائے کے اسٹال پر کام کرنے والے ارشد خان کی خوبصورتی دیکھنے کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھ گیا تھا اور ان کے ساتھ سیلفی کے خواہش مند افراد کی بڑی تعداد چائے کے اسٹال پہنچنے لگی.

جس کے بعد ایک ماڈلنگ ایجنسی نے بھی ارشد کے ساتھ معاہدہ کیا اور ان کے ساتھ چند اشتہارات شوٹ کیے تھے.

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif Jul 13, 2017 11:42am
Save him plz You guys make heroes then export to all over the world