کراچی: پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمان کو پانچ پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سی ٹی ڈی منیر احمد شیخ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پولیس نے ملزمان کو کورنگی کے علاقے سے مقابلے کے بعد گرفتار کیا۔

ملزمان کی شناخت محمد رضوان (حاضر سروس پولیس اہلکار)، محمد کامران عرف منا، فہیم لودھی، محمد کامران عرف مولانا اور عدنان شیخ کے ناموں سے کی گئی۔

منیر احمد شیخ کے مطابق رضوان متحدہ کے سیٹ اپ پر محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا اور بھرتی ہونے سے قبل اور بعد میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کرتا رہا، جس کے لیے اسے متحدہ کے جنوبی افریقہ کے سیٹ اپ سے ہدایات ملتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے پارٹی کے جنوبی افریقہ سیٹ اپ کی ہدایات پر ایم کیو ایم، ایم کیو ایم (حقیقی) اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی۔‘

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے کہا کہ ’ملزمان نے اعتراف کیا کہ جو کارکنان پارٹی کو نقصان پہنچاتے تھے وہ انہیں جنوبی افریقہ کے سیٹ اپ کی ہدایات پر قتل کرتے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ملزمان کا انہی وجوہات کی بنا پر پارٹی کے دیگر کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بھی بنا رکھا تھا۔

منیر احمد شیخ نے گرفتار ملزمان کی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’انہوں نے 2015 میں علاقہ تھانہ زمان ٹاؤن پولیس موبائل پر فائرنگ کی، جس میں چار اہلکار ہلاک ہوئے۔‘

انہوں نے کہا کہ 2009 میں ملزمان نے کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں 1992 کے آپریشن میں حصہ لینے والے اے ایس آئی حاجی ندیم کو قتل کیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 5 پستول برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں