’پروجیکٹ غازی‘ پریمیئر کے بعد ریلیز ملتوی

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2017
فلم میں شہریار منور، سائرہ شہروز اور ہمایوں سعید نے مرکزی کردار ادا کیے —۔ پبلسٹی فوٹو
فلم میں شہریار منور، سائرہ شہروز اور ہمایوں سعید نے مرکزی کردار ادا کیے —۔ پبلسٹی فوٹو

فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کی ریلیز کا انتظار مداح طویل عرصے سے کررہے تھے، جس کی وجہ اس کی شاندار کاسٹ ہونے کے ساتھ یہ تھی کہ یہ پاکستان کی پہلی سُپر ہیرو فلم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرنے جارہی ہے، تاہم بُری خبر یہ ہے کہ اسے دیکھنے کے لیے مداحوں کو ابھی مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

فلم کا پہلا پریمیئر 13جولائی کو کراچی کے ایک سینما گھر میں پیش کیا گیا، جہاں فلم کی کاسٹ سمیت متعدد افراد اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کا نیا ٹریلر جاری

تاہم اس فلم کے پریمیئر کے بعد اسے کچھ خاص مثبت ردعمل موصول نہ ہوا اور ہر کسی نے اس میں صرف اور صرف خامیاں ہی نکالی۔

فلم کو بہت سے تکنیکی مسائل کا سامنا رہا خاص کر اس کی ساؤنڈ سب سے زیادہ خراب رہی۔

اس ردعمل کو دیکھتے ہوئے فلم کی ریلیز اس کے پریمیئر کے فوری بعد روک دی گئی جس کی نئی ریلیز تاریخ کا اعلان اب تک نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی پہلی سپر ہیرو فلم ’پروجیکٹ غازی‘

فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کے فیس بک پیج پر بھی اعلان کیا گیا کہ اس کی نئی ریلیز کا اعلان جلد ہوگا۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ ’اس طرح کی فلموں میں بہت زیادہ تکنیکی کام کی ضرورت ہوتی ہے، جس کی وجہ سے فی الحال اس کی ریلیز ملتوی کی جارہی ہے اور نئی ریلیز کا اعلان جلد کیا جائے گا‘۔

گزشتہ ماہ اس فلم کا ٹریلر بھی ریلیز ہوا تھا، جسے دیکھ کر مداح ایک اچھی فلم کی امید کررہے تھے تاہم اب ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے اس کی خامیوں کو بہتر کرنے کے لیے اس کی ریلیز ملتوی کی گئی۔

فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کی ہدایات نادر شاہ نے دیں جبکہ علی رضا نے اس فلم کو پروڈیوس کیا۔

فلم میں ہمایوں سعید، شہریار منور، سائرہ شہروز، طلت حسین اور عدنان جعفر نے مرکزی کردار ادا کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں