گجرات: پولیس نے گستاخی کے الزامات کے تحت گجرات کی تحصیل کھیڑیاں سے تعلق رکھنے والے ایک مسیحی شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق مسیحی شخص کی گرفتاری کے بعد مذہبی گروپوں کی جانب سے تھانے پر حملے کی افواہیں سامنے آنے کے بعد ملزم کو لاک اپ میں رکھنے کے بجائے کسی دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈنگا ٹاؤن میں برقی آلات کی دکان کے مالک ندیم احمد نے پولیس کو شکایت درج کروائی کہ اس کے دوست اشتیاق احمد جلالی نے جمعرات (13 جولائی) کو آگاہ کیا کہ نجی ہسپتال میں کام کرنے والے ایک خاکروب نے مبینہ طور پر نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: مسیحی شخص ’توہین مذہب‘ کے الزام میں گرفتار

ندیم احمد کا دعویٰ ہے کہ جب انہوں نے خود خاکروب سے الزام کی تصدیق کرنے کی کوشش کی تو اس نے ان کلمات کو دوبارہ دہرایا۔

پولیس کو شکایت موصول ہونے کے بعد سپرنٹنڈنٹ پولیس معاذ ظفر فوری طور پر ڈنگا ٹاؤن پہنچے۔

انہوں نے ڈان سے گفتگو میں کہا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے جبکہ پولیس اہلکار علاقے کا گشت کررہے ہیں جبکہ ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295-سی کے تحت مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔


یہ خبر 15 جولائی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں