پروجیکٹ غازی: ’ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا‘

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2017
فلم میں شہریار منور، سائرہ شہروز اور ہمایوں سعید نے مرکزی کردار ادا کیے —۔ پبلسٹی فوٹو
فلم میں شہریار منور، سائرہ شہروز اور ہمایوں سعید نے مرکزی کردار ادا کیے —۔ پبلسٹی فوٹو

پاکستان کی پہلی سپر ہیرو فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کی ریلیز اچانک ملتوی ہونے سے صرف شائقین کو ہی نہیں سینما مالکان کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

رواں ہفتے 13 جولائی کو کراچی کے سینما ہال میں فلم کا پہلا پریمیئر منعقد ہوا، جہاں مداحوں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تاہم فلم کے آغاز کے 20 منٹ بعد ہی مرکزی اداکار ہمایوں سعید سینما ہال چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے، جن کے بعد بقیہ کاسٹ بھی فلم کی اسکریننگ مکمل ہونے سے پہلے ہی واپس چلی گئی۔

اسی رات ’پروجیکٹ غازی‘ کے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا گیا کہ فلم کی ریلیز ملتوی کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: پروجیکٹ غازی کو ریلیز نہ کرنے پر ہمایوں سعید کا انکشاف

ہمایوں سعید کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’جب میں نے پریمیئر میں فلم دیکھی تو یہ ظاہر ہورہا تھا کہ یہ نامکمل ہے، میں نہیں چاہتا تھا کہ یہ فلم پروجیکٹ غازی کو پیش کرے، یہ ناظرین کو نہیں دکھائی جاسکتی، میں نے فلم کی ریلیز روکنے کے لیے چند کالز بھی کیں، میرے خیال سے فلم کو ابھی 4 سے 6 مہینے اور چاہئیں تاکہ اس کی بہتر ریلیز ہوسکے‘۔

تاہم اس فلم کی ریلیز ملتوی کرنے کے بعد اس کا سب سے زیادہ اثر سینما گھروں پر پڑا۔

اس حوالے سے ڈان نے کراچی کے سینما گھر سنیپیکس اور نیوپلیکس سے بات کی۔

نیوپلیکس کے کامران یار خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’جیسے ہی ہمیں اس بارے میں معلوم ہوا، ہم نے اپنی ویب سائٹ اپ ڈیٹ کی، البتہ ہمیں فلم کی ریلیز ملتوی ہونے کے بارے میں نہیں بتایا گیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے پروجیکٹ غازی کے فیس بک پیج پر رات ایک بجے پوسٹ دیکھی کہ فلم کی ریلیز فی الحال روک دی گئی ہے، جس کے بعد میں نے ڈسٹری بیوٹر کو کال کی اور انہوں نے بھی اس خبر کی تصدیق کی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’پروجیکٹ غازی‘ پریمیئر کے بعد ریلیز ملتوی

جیسے ہی یہ خبر سامنے آئی تو وہ افراد جو اس فلم کے ٹکٹ خرید چکے تھے کافی پریشان ہوگئے، اس حوالے سے کامران نے بتایا کہ ’ایسی صورتحال میں ہم لوگوں کو اپنے ٹکٹ کے پیسے واپس لینے یا اس کی جگہ کسی دوسری فلم کا ٹکٹ لینے کا آپشن دیتے ہیں، پروجیکٹ غازی کے ملتوی ہونے کے بعد ہمیں بہت سی شکایات موصول ہوئیں‘۔

کامران کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے کہ کسی فلم کی ریلیز ملتوی ہوجائے، یہ ہولی وڈ فلموں کے تو ساتھ ہوتا ہے لیکن پاکستان کی یہ پہلی فلم ہے، یہ ہونا کسی بھی سینما کے لیے اچھا نہیں لیکن پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز اس بات کو نہیں سمجھتے، ہم لوگوں کو عوام کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘۔

انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’کسی بھی فلم کو اس کے پریمیئر کے بعد روک دیا جائے، ہم نے ایسا بہت کم ہی سنا ہے، خاص طور پر ایسا پریمیئر جس میں لوگوں نے اتنی بڑی تعداد میں شرکت کی ہو، ان کو فلم کا پریمیئر رکھنا ہی نہیں چاہیے تھا‘۔

دوسری جانب سینیپیکس کے محسن یاسین نے فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کی ریلیز ملتوی ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’جب مجھے اس خبر کا پتا چلا تو سینیپیکس میں تمام اسکریننگز عید پر ریلیز ہونے والی فلموں 'مہرالنساء وی لب یو' اور 'یلغار' کو دے دی گئیں‘۔

محسن یاسین کے مطابق ’میرے خیال سے فلم سازوں نے یہ صحیح فیصلہ کیا، میں نے پریمیئر کی صبح یہ فلم دیکھی تھی اور میں کہہ سکتا ہوں کہ میں نے اپنی زندگی میں اب تک اتنی بری فلم نہیں دیکھی‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی پہلی سپر ہیرو فلم ’پروجیکٹ غازی‘

نیوپلیکس کی طرح سینیپیکس بھی ایسی صورتحال میں ٹکٹ خریدنے والوں کو ان کے پیسے واپس دیتا ہے یا کسی اور فلم کا ٹکٹ دے دیا جاتا ہے۔

محسن نے بتایا کہ ’ہم نے ڈیڑھ لاکھ روپے کے قریب ٹکٹ فروخت کیے، تاہم لوگوں کو ان کے پیسے واپس کرنے کے ساتھ معذرت بھی کی اور بتایا کہ فلم مکمل نہیں ہے‘۔

Releasing on July 14th! #ProjectGhazi

A post shared by Humayun Saeed (@saeedhumayun) on

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں خوش ہوں کہ فلم ملتوی ہوگئی، اب لوگ ایک الگ انداز کی فلم دیکھ سکیں گے، مجھے اس کے ملتوی ہونے کے بعد کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، میں خوش ہوں کہ ایک ایسی فلم جو مکمل نہیں اور اس میں تکنیکی مسائل ہیں ملتوی ہوگئی، یہ اچھا فیصلہ تھا ورنہ عوام اس فلم کو نہ دیکھتی‘۔

تاہم انہوں نے فلم ساز اور پروڈیوسرز کو پیغام دیا کہ ’اس فلم کو دیکھیں اور ضروری تبدیلیاں کریں، پروجیکٹ غازی کو بنانے والوں کو اس کے پریمیئر کے بعد اندازہ ہوا کہ فلم مکمل نہیں‘۔

خیال رہے کہ فلم ’پروجیکٹ غازی‘ میں سائرہ شہروز، ہمایوں سعید، شہریار منور اور طلعت حسین نے مرکری کردار ادا کیے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں