واشنگٹن: پینٹاگون کا دعویٰ ہے کہ امریکی فورسز افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کنڑ میں دہشت گرد تنظیم داعش کے افغانستان کے سربراہ کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

ترجمان پینٹاگون ڈانا وائیٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ داعش خراسان کے امیر ابو سید صوبہ کنڑ میں گروپ ہیڈ کوارٹرز پر امریکی فورسز کی فضائی کارروائی میں مارے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'چھاپے میں داعش خراسان کے دیگر دہشت گرد بھی مارے گئے جبکہ یہ کارروائی تنظیم کو افغانستان میں مزید وسعت دینے کے منصوبے پر اثرانداز ہوگی'۔

2015 میں پہلی بار منظر عام پر آنے والی دہشت گرد تنظیم داعش خراسان، جو افغانستان میں سرگرم داعش کا دھڑا ہے، اب پاکستانی سرحد کے قریب واقع افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور کنڑ تک اپنا دائرہ کار بڑھا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں داعش کے 3000 جنگجو موجود

پینٹاگون کے مطابق افغان اور امریکی فورسز ابو سید سے قبل داعش خراسان کے دو امیروں کو ہلاک کرچکی ہے، حافظ سعید کو جولائی 2016 میں جبکہ عبدالحسیب کو رواں سال اپریل میں ہلاک کیا گیا تھا۔

حسیب اور داعش خراسان کی اعلیٰ قیادت، امریکی اور افغان اسپیشل فورسز کی ایک مشترکہ کارروائی میں مارے گئے تھے۔

رواں برس اپریل میں ہونے والی اس کارروائی پر امریکی فوج کا کہنا تھا کہ یہ ہلاکت 2017 میں داعش خراسان کو شکست دینے کے مقصد میں مددگار ہوگی۔


یہ خبر 15 جولائی 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں