’سات دن محبت اِن‘ کی شوٹنگ آئندہ ماہ شروع ہوگی

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2017
فلم کی کہانی رومانٹک ہے—فائل فوٹو
فلم کی کہانی رومانٹک ہے—فائل فوٹو

ڈان میڈیا گروپ کی پروڈکشن کمپنی ڈان فلمز کے بینر تلے بننے والی پہلی فلم ’سات دن محبت اِن‘ کی شوٹنگ آئندہ ماہ اگست سے شروع ہوگی۔

فلم کی شوٹنگ اور پروڈکشن کے لیے ڈان فلمز اور آئی ایم جی سی گلوبل پرائیویٹ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، جس کے بعد فلم کی شوٹنگ اگست سے شروع کی جائے گی۔

ڈان فلمز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاہدے پر ڈان فلمز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ناز آفرین سہگل لاکھانی اورآئی ایم جی سی گلوبل پرائیویٹ کے چیئرمین امجد راشد شیخ نے دستخط کیے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈان فلمز کی ایگزیکٹو پروڈیوسر صنم مہدی کا کہنا تھا کہ ’ فلم کی پروڈکشن اور شوٹنگ کے حوالے سے معاہدہ طے پاجانے پر وہ انتہائی پرجوش ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ فلم پروڈکشن میں دونوں گروپوں کو مشکلات درپیش آئیں گی، مگر شوٹنگ کے حوالے سے کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’سات دن محبت اِن‘
میرا سیٹھی بھی فلم کا حصہ ہوں گی—فائل فوٹو
میرا سیٹھی بھی فلم کا حصہ ہوں گی—فائل فوٹو

صنم مہدی نے امید ظاہر کی کہ دونوں پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے پاکستانی فلم شائقین کو اعلیٰ معیار کی فلم دیکھنے کو دی جائے گی، امید ہے کہ ’سات دن محبت اِن‘ پاکستان کی سینما انڈسٹری کے لیے نئے دور کا آغاز بنے گی۔

اس موقع پر امجد راشد شیخ نے بتایا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کا ادارہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں 1953 سے موجود ہے، اور انہوں نے ملکی سینما تاریخ میں اہم فلمیں بنائیں۔

مزید پڑھیں: ڈان میڈیا گروپ کا ایک اور اچھا قدم

خیال رہے کہ سات دن محبت ان ڈان فلمز کی پہلی فلم ہوگی، جس میں ماہرہ خان، شہریار منور، آمنا الیاس، میرا سیٹھی، عمران اسلم، ریحانہ سہگل، عامر قریشی اور عدنان شاہ ٹیپو سمیت دیگر اداکار بڑی اسکرین پر نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی ایک نوجوان لڑکے کی کہانی ہے جو کراچی کے ہجوم میں اپنی محبت کی تلاش میں سرگرداں ہے، ہر رومانوی کہانی کی طرح اس لڑکے کو کئی مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، جسے پار کرکے اسے اپنی منزل حاصل کرنی ہوگی۔

فلم کی ہدایات کامیاب پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ کی مینو گور اور فرجاد نبی دیں گے، جب کہ فلم کی موسیقی نامور موسیقارارشد محمود، شجاع حیدر اور شانی ارشد ترتیب دیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں