روجرفیڈررنے ومبلڈن میں تاریخ رقم کردی

16 جولائ 2017
فیڈرر نے 128 سالہ ریکارڈ اپنے نام کیا—فوٹو:اے ایف پی
فیڈرر نے 128 سالہ ریکارڈ اپنے نام کیا—فوٹو:اے ایف پی

سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار روجرفیڈرر نے ومبلڈن کے فائنل میں کروشیا کے میرن چیلچ کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔

روجرفیڈرر نے فائنل میں زخمی چیلچ کو 3-6، 1-6 اور 4-6 سے شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ومبلڈن چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

فیڈر نے 2012 میں ٹائٹل حاصل کرکے 122 سال بعد سب سے زیادہ چمپیئن بننے کاریکارڈ برابر کیا تھا تاہم اس مرتبہ 128 سال کے طویل ریکارڈ کو توڑنے میں کامیاب ہوگئے۔

انگلینڈ کے ولیم رینشا نے 1881 سے1889 کے دوران سات مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزازحاصل کیا تھا جس کو سوئس اسٹار نے اپنے نام کیا۔

فیڈر نے ریکارڈ 8 مرتبہ ومبلڈن ٹائٹل حاصل کیا—فوٹو: اے ایف پی
فیڈر نے ریکارڈ 8 مرتبہ ومبلڈن ٹائٹل حاصل کیا—فوٹو: اے ایف پی

راجرفیڈرر نے 2003،2004،2005، 2006، 2007، 2009 اور 2012 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا تاہم مسلسل فتوحات میں ولیم رینشا کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

37 سالہ فیڈرر نے تاریخی کامیابی کے بعد حریف کھلاڑی میرن چیلچ کو ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کے کھیل کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں:فیڈرر اور مارلن سیلس ومبلڈن اوپن کے فائنل میں

فیڈرر کاحریف کھلاڑی کے حوالے سے کہنا تھا کہ 'انھوں نے بہتر کھیلا اور وہ ایک ہیرو ہیں اور انھیں بہترین ٹورنامنٹ پر مبارک دیتا ہوں'۔

میرن چیلچ پہلے ہی سیٹ میں پاؤں میں موچ آنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے تاہم انھوں نے زبردست کھیل کے سلسلے کو جاری رکھا۔

راجر فیڈرر نے رواں سال اپنی بہترین کارکردگی کے سلسلے کا جاری رکھتے ہوئے ومبلڈن کے سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈک کو 7-6، 7-6 اور 6-4 سے زیر کر کے 11ویں مرتبہ ومبلڈن اوپن فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

سوئس اسٹارکا اس سال ومبلڈن اوپن کا سفر انتہائی شاندار رہا اور وہ پورے ٹورنامنٹ میں ایک سیٹ بھی نہیں ہارے۔

تبصرے (0) بند ہیں