اسمارٹ موبائل فونز بنانے والی تائیوان کی ملٹی نیشنل کمپنی ایچ ٹی سی نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے نئے موبائل پر مختلف کمپنیوں کے اشتہارات سسٹم کی غلطی کی وجہ سے ازخود آ رہے تھے۔

خیال رہے کہ ایچ ٹی سی کی جانب سے فروخت کے لیے پیش کردہ ایچ ٹی سی 10 کے خصوصی کی بورڈ ٹچ پل کو استعمال کرنے والے صارفین کے موبائل میں ازخود مختلف اشتہارات نظر آ رہے تھے۔

موبائل فونز میں ازخود اشتہارات آنے کی نشاندہی گزشتہ ہفتے ’ریڈٹ‘ پر کی گئی، ایک صارف کے شیئر کیے گئے ایچ ٹی سی 10 کے کی بورڈ کے اسکرین شاٹ میں اشتہارات کو دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایچ ٹی سی کے 2 نئے اسمارٹ فونز متعارف
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ایچ ٹی سی میں خرابی کی شکایت سامنے آنے کے بعد دیگر کئی صارفین نے بھی شکایت کیں، جس پر کمپنی نے معاملے کی تحقیق کی تو پتہ چلا کہ کی بورڈ کو استعمال کرتے وقت آنے والے اشتہارات خود کار سسٹم کے ذریعے آ رہے تھے۔

مزید پڑھیں: ایچ ٹی سی، ایپل تنازع طے پا گیا

کمپنی کے مطابق از خود نظر آنے والے اشتہارات میں صرف ایچ ٹی سی کی غلطی نہیں، اس میں گوگل کی بھی غلطی تھی، جس کی شکایت گوگل کو کردی گئی۔

خیال رہے کہ ایچ ٹی سی 10 کے خصوصی کی بورڈ ٹچ پل کو گوگل پلے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت دی گئی تھی۔

اس کی بورڈ کے ذریعے صارفین کو800 سے زائد ایموجیز کو بھی استعمال کرنے کی سہولت دی گئی تھی۔

کمپنی کے مطابق شکایت کے بعد گوگل پلے پر کی بورڈ کو اپ ڈیٹ کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں