فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ہندوستانی کھلاڑی ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین بلے باز قرار دے دیا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فینز کے ساتھ سوال جواب کا سیشن رکھا۔

سوالات کے دوران ایک فین نے ان سے پوچھا کہ ان کی نظر میں دنیا کا بہترین بلے باز کون ہے تو محمد عامر نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا نام لیا۔

جب عامر سے پوچھا گیا کہ انگلینڈ کے جو روٹ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور بھارت کے ویرات کوہلی میں سے بہترین کون ہے تو یہاں بھی عامر نے ویرات کے حق میں ہی جواب دیا۔

ایک سوال میں عامر سے پوچھا گیا کہ انھوں نے پہلی دفعہ چیمپیئنز ٹرافی کھیلتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کی وکٹ حاصل کی اور حالیہ ایونٹ میں ویرات کی وکٹ لی تو کسے زیادہ انجوائے کیا؟ جس پر فاسٹ باؤلر نے جواب دیا کہ دونوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انہیں برابر خوشی ہوئی۔

جب ان سے کرکٹ آئیکون کے بارے میں پوچھا گیا تو محمد عامر نے وسیم اکرم کا نام لیا۔

محمد عامر کے بھارتی فینز نے بھی سیشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور انھیں بہترین کرکٹر اور انسان قرار دیا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا، 'میرا تعلق انڈیا سے ہے اور آپ نے دل جیت لیا ہم سب کا'.

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'اگرچہ عامر کا تعلق حریف ٹیم سے ہے، لیکن ان کی باؤلنگ کی تعریف کرنی پڑے گی'۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس فتح میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ محمد عامر نے بھی اہم کردار ادا کیا اور ابتدائی اوورز میں ہی بھارت کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے فتح کی راہ ہموار کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں