بولی وڈ فلم ’قابل‘ کا ہولی وڈ ریمیک

18 جولائ 2017
فلم ’قابل‘ رواں سال ریلیز ہونے کے بعد باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔
فلم ’قابل‘ رواں سال ریلیز ہونے کے بعد باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔

بولی وڈ کو ہمیشہ ہولی وڈ کی فلموں کا خیال کاپی کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، لیکن اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بولی وڈ اداکار ہریتھیک روشن کی فلم ’قابل‘ شاید وہ پہلی بولی وڈ فلم ثابت ہوگی جس کا ہولی وڈ ریمیک بنایا جائے گا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سنجے گپتا کی ہدایات میں بننے والی فلم ’قابل‘ نے ہولی وڈ اسٹوڈیو 20تھ سینچری فاکس کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 'قابل' کی نمائش

اس حوالے سے فلم کے ہدایت کار کا مڈ ڈے سے بات کرتے ہویے کہنا تھا کہ ’یہ سچ ہے کہ اس اسٹوڈیو نے ہریتھیک روشن سے رابطہ کیا ہے، یہ فلم کی ٹیم کے لیے ایک اعزاز ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم قابل کو مداحوں نے سال 2017 کی اب تک کی بہترین فلم مانا ہے، اس لیے یہ اور خوشی کی بات ہے‘۔

خیال رہے کہ اس فلم کی پروڈکشن ہریتھیک روشن کے والد راکیش روشن نے کی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ہریتھیک روشن 2010 میں ریلیز ہوئی ہولی وڈ فلم ’نائٹ اینڈ ڈے‘ کے بولی وڈ ریمیک ’بینگ بینگ‘ میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں، جو 2014 میں ریلیز ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'قابل': روایتی محبت کی کہانی، ہریتھک کی شاندار اداکاری

جس دوران فلم ’قابل‘ ریلیز ہوئی تھی تب بہت سے لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ فلم کی کہانی ہولی وڈ فلم ’بلائنڈ فیوری‘ سے متاثر ہے۔

فلم ’قابل‘ کے ہولی وڈ ریمیک کے حوالے سے جب راکیش روشن سے بات کی گئی تو انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس فلم کا اسکرین پلے کافی سنجیدہ ہے، اس کا ہولی وڈ ریمیک یقیناً بہترین بنے گا، لوگوں کو فلم دیکھنے میں بہت مزاح آیا تھا اس لیے یہ باکس آفس پر کامیاب بھی ہوئی‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'قابل' کی نمائش: ہریتھک کے والد پاکستان کے شکرگزار

خیال رہے کہ فلم ’قابل‘ کی کہانی دو ایسے لوگوں پر مبنی ہے جو اندھے ہیں تاہم ایک دوسرے سے بےحد پیار کرتے ہیں۔

اس فلم میں ہریتھیک روشن کے علاوہ اداکارہ یامی گوتم، روہت روئے اور رونت روئے نے اہم کردار ادا کیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں