پاکستان کی سوشل میڈیا اسٹار اور ماڈل قندیل بلوچ کی زندگی پر بننے والے ڈرامے ’باغی‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا، جس میں ان کی مکمل زندگی کو پیش کیا گیا ہے۔

اس ڈرامے کے کئی ٹیزرز بھی ریلیز کیے جاچکے ہیں جس میں قندیل بلوچ کی زندگی کی کچھ جھلکیاں دکھائی گئیں۔

مزید پڑھیں: ماڈل قندیل بلوچ 'غیرت کے نام' پر قتل

2 منٹ دورانیے کے اس ٹریلر میں قندیل کی زندگی میں آنے والے مسائل کو دکھایا گیا کہ وہ کیسے اپنے گاؤں کو چھوڑ کر آگے بڑھیں اور پھر سوشل میڈیا اسٹار بنیں۔

اس ٹریلر کا آغاز قندیل کی گاؤں کی زندگی سے ہوا، جہاں ان کے خاندان کا برتاؤ، بڑے بھائی اور شوہر کا تشدد دکھایا گیا، جس کے بعد شہر میں گزاری گئی زندگی پیش کی گئی جہاں وہ اپنا نام فوزیہ سے تبدیل کرکے قندیل رکھتی ہے۔

اس ٹریلر میں قندیل کے پاکستان آئیڈل میں دیے گئی آڈیشن کی جھلک بھی پیش کی گئی جہاں سے وہ سوشل میڈیا پر مقبول ہونا شروع ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’میں قندیل بلوچ کی چھوٹی بہن بنوں گی‘

’باغی‘ ڈرامے میں صبا قمر، قندیل بلوچ کا مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، ان کے علاوہ ڈرامے کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، نمرہ خان، عثمان خالد بٹ، علی کاظمی، شازیہ خان، نینا کاشف اور صبا فیصل موجود ہیں۔

ٹریلر کے ساتھ اس ڈرامے کی ریلیز تاریخ کا بھی اعلان کردیا گیا، جسے ٹی وی چینیل اردو 1 پر 27 جولائی سے نشر کیا جائے گا۔

On the sets of 🤐 #sabaqamar #Khi #characterrole #biopic #megaproject

A post shared by Saba Qamar (@sabaqamarzaman) on

خیال رہے کہ رواں ماہ 15 تاریخ کو انٹرنیٹ پر تہلکہ مچانے والی قندیل بلوچ کے انتقال کو پورا ایک سال مکمل ہوا، جنہوں نے اپنی ویڈیوز اور منفرد انداز کے باعث سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: قندیل کی کہانی ان خواتین کی زبانی جو انہیں سب سےبہتر جانتی تھیں

گزشتہ سال قندیل بلوچ کو ان کے بھائی وسیم نے ملتان میں ان کے گھر میں 'غیرت کے نام' پر قتل کردیا تھا۔

قندیل بلوچ کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا جنہیں پاکستان میں 2014 میں اُس وقت شہرت ملی جب ان کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، جس میں وہ سوال کرتی ہوئی نظر آئیں،'میں کیسی لگ رہی ہوں؟'

تبصرے (0) بند ہیں