پاکستانی اداکار فواد خان کے صرف یہاں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بہت مداح ہیں، ان میں سے ایک بولی وڈ اداکار شکن بترا بھی ہیں۔

فواد خان اور شکن بترا نے ایک ساتھ گزشتہ سال کی کامیاب فلم 'کپور اینڈ سنز' میں کام کیا تھا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ہدایت کار شکن بترا نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بہتر حالات قائم ہونے کی امید کا اظہار کیا، تاکہ وہ دوبارہ فواد خان کے ساتھ کام کرسکیں۔

مزید پڑھیں: ’مجھے فواد خان بہت یاد آتے ہیں‘

آئیفا ایوارڈز کے دوران شکن بترا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے گزشتہ روز فواد خان سے بات کی، مجھے وہ بہت یاد آتے ہیں، کاش وہ یہاں ہوتے، گزشتہ سال ہم دونوں ایک ساتھ آئیفا میں موجود تھے، بدقسمتی سے ایسے حالات ہوگئے کہ سن تبدیل ہوگیا، امید ہے آگے دونوں ممالک دوبارہ ایک دوسرے کے دوست بن جائیں اور مل کر کام کرسکیں'۔

ایسا پہلی بار نہیں جب شکن بترا نے فواد خان کے حوالے سے بات کی ہو، اس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے فواد خان کی بہت یاد آتی ہے، میں نہیں جانتا مجھے اس حوالے سے اتنا کھل کر بات کرنی چاہیے یا نہیں، مجھے ان کے ساتھ کام کرنے بہت مزاح آیا تھا، ہم ہندوستانی دنیا بھر میں قانونی طور پر کام کرتے ہیں، اور اگر کوئی اور ہمارے ملک میں کام کرنا چاہے تو اسے بھی سکون سے کام کرنے دینا چاہیے'۔

خیال رہے کہ فلم 'کپور اینڈ سنز' میں فواد خان نے ہم جنس پرست نوجوان کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں ان کے ہمراہ بولی وڈ اداکار سدھارتھ کپور اور عالیہ بھٹ بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئے تھے۔

فواد خان نے ہندوستان میں مقبولیت اپنے کامیاب ڈرامے 'ہمسفر' کے باعث حاصل کی، جس کے بعد انہیں 2014 میں بولی وڈ فلم 'خوبصورت' میں کام کرنے کی پیشکش ملی۔

اس فلم کے لیے فواد خان کو فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

فلم 'خوبصورت' کے بعد فواد خان نے 2016 میں 'کپور اینڈ سنز' میں کام کیا، جس کے بعد ہدایت کار کرن جوہر نے فواد خان کو فلم 'اے دل ہے مشکل' میں معاون کردار کے لیے کاسٹ کیا۔

تاہم گزشتہ برس ستمبر میں کشمیر میں اڑی کے مقام پر ہندوستانی فوجی کیمپ پر حملے کے بعد پاک-بھارت تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے انڈین فلم ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں پر ہندوستان میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی، جس کے باعث فواد خان فلم 'اے دل ہے مشکل' کے بعد کسی بولی وڈ فلم میں کام نہیں کرپائے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی پروڈیوسرز نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی

اس کے علاوہ ہندوستانی چینل زی زندگی نے بھی پاکستان کے تمام ڈراموں کی نمائش ہندوستان میں روکنے کا اعلان کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں