نئی آئی سی سی رینکنگ میں آملا اور ہیراتھ کی ترقی

19 جولائ 2017
ہاشم آملا نے انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کی تھیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
ہاشم آملا نے انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کی تھیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیٹنگ میں ہاشم آملا چھ درجے ترقی پاکر ساتویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ باؤلنگ میں رنگنا ہیراتھ نے ایشون سے دوسری پوزیشن چھین لی۔

آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ رینکنگ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا چھ درجے ترقی پا کر ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

آملا کی ترقی کے ساتھ ہی اظہر علی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ آٹھویں، ڈیوڈ وارنر نویں اور لوکیش راہول دسویں نمبر پر چلے گئے۔ آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔

باؤلنگ میں اسٹار سری لنکن اسپنر رنگنا ہیراتھ نے بھارتی اسپنر روی چندرہ ایشون سے دوسری پوزیشن چھین لی، لیفٹ آرم اسپنر نے زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ میں 11 شکار کیے تھے اور اسی کارکردگی کی بدولت انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا چھٹے اور ورنن فلینڈر نویں نمبر پر آگئے۔ بھارت کے رویندرا جدیجا عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں