پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) بدھ کے روز منفی زون میں بند ہوئی اور بینچ مارک 100 انڈیکس میں 218 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

کے ایس ای 100 انڈیکس 0.48 فیصد کمی کے بعد 45 ہزار 418 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے آغاز میں مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھا گیا تاہم پھر اس میں تیزی دیکھی گئی، لیکن دوسرے ہاف میں مارکیٹ ایک بار پھر منفی زون میں آگئی۔

100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 8 کروڑ 20 لاکھ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت تقریباً 6 ارب 8 کروڑ روپے رہی۔

عارف حبیب کارپوریشن کے تجزیہ کار احسن محنتی کا کہنا تھا کہ ’دوسرے ہاف میں بھی تیل اور بینکس کے شعبوں میں تیزی دیکھی گئی، جس کی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور بینکوں کے ذخائر میں اضافہ تھا۔‘

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایکس: 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس کا اضافہ

مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز انجینئرنگ کے شعبے میں سب سے زیادہ 2 کروڑ 22 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

ایلیگزر سیکیورٹیز کے بیان میں کہا گیا کہ ’غیر یقینی سیاسی کی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھا جارہا ہے۔‘

بدھ کے روز اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 363 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا، جن میں سے 148 کے بھاؤ میں اضافہ، 200 کی قیمتوں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں