جہلم: زمین کا تنازع، پاکستانی نژاد برطانوی خاتون پر تشدد

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2017
متاثرہ خاتون روبینہ کوثر —فوٹو: عامر کیانی
متاثرہ خاتون روبینہ کوثر —فوٹو: عامر کیانی

جہلم: صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں بااثر افراد نے زمین کے تنازع پر برطانیہ سے آئی پاکستانی خاتون کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

8 سال بعد وطن لوٹنے والی پاکستانی نژاد برطانوی خاتون روبینہ کوثر کو تھانہ منگلہ کی حدود میں زمین کے تنازع پر تشدد اور مارپیٹ کا نشانہ بنایا گیا۔

متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ تشدد سے ان کے جسم پر نشانات پڑگئے جبکہ مارپیٹ کرنے والے افراد نے ان سے برطانوی پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات بھی چھین لیں۔

متاثرہ خاتون کی درخواست پر تھانہ منگلا کی پولیس نے 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: پشاور: زمین کے تنازع پر چار بہنیں قتل

ایف آئی آر میں روبینہ کوثر نامی خاتون نے الزام عائد کیا کہ تشدد کرنے والے افراد نے ان سے برطانوی پاسپورٹ، فون، چیک بکس، زیورات اور دستاویزات چھین لیں جبکہ انہیں قتل کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

نمائندہ ڈان نیوز سے گفتگو میں خاتون کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے رشتے دار کے گھر میں پناہ لے رکھی ہے جبکہ تھانہ منگلہ کے تفتیشی افسر عمران بااثر لوگوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں جعلی پیر کے تشدد سے خاتون ہلاک

خاتون نے برطانوی سفارت خانے سے اپیل کی کہ ان کی مدد کی جائے ورنہ یہ لوگ انہیں جان سے مار دیں گے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی آبائی زمین نہیں چاہیے، انہیں اپنا پاسپورٹ چاہیئے تاکہ وہ برطانیہ واپس لوٹ سکیں۔

متاثرہ خاتون نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان پر ہونے والے تشدد کا نوٹس لیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں