خواتین کھلاڑیوں کیلئے سفری انتظامات کیے گئے تھے، پی سی بی

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2017
والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر گھرجانے والی نشرہ سندھو کی تصویر وائرل ہونے پر بورڈ تنقید کی زد میں آیا—فوٹو/ فیس بک
والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر گھرجانے والی نشرہ سندھو کی تصویر وائرل ہونے پر بورڈ تنقید کی زد میں آیا—فوٹو/ فیس بک

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ 2017 میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے والی خواتین کھلاڑیوں کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے گھر لے جانے کے لیے معمول کے سفری انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی دکھانے کے بعد قومی ویمن کرکٹ ٹیم 17 جولائی کو پاکستان واپس پہنچی تھی۔

اسی دن ایک کھلاڑی نشرہ سندھو کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں انہیں اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار ایئرپورٹ سے گھر واپس جاتا دیکھا گیا۔

اس تصویر کے سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ پر شدید تنقید کی گئی اور اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئیں کہ خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، ان کے استقبال کے لیے پی سی بی کا کوئی نمائندہ نہیں آیا اور نہ ہی ان کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی، ثنا میر سے قیادت چھنننے کا امکان

ان میڈیا رپورٹس کے بعد پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ انگلینڈ سے واپسی پر قومی کرکٹ ٹیم کی خواتین کھلاڑیوں کے لیے ٹرانسپورٹ کے تمام انتظامات کیے گئے تھے اور کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) اور وہاں سے ان کے گھروں کو لے جانے کے لیے بھی بسیں موجود تھیں۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ویمنز ونگ کے حکام بھی کھلاڑیوں اور مینیجمنٹ کی سہولت کے لیے وہاں موجود تھے، تاہم کچھ خواتین کھلاڑیوں نے ٹیم مینیجر سے اجازت لینے کے بعد اپنے اہلخانہ کے ساتھ ذاتی سواریوں پر جانے کو ترجیح دی۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو اپنے تمام 7 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کپتان ثنا میر قیادت اور ٹیم میں اپنی جگہ سے محروم ہو سکتی ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام شعبوں میں خراب کارکردگی کے بعد ممکنہ طور پر کوچ صبیح اظہر بھی اپنا عہدہ برقرار نہیں رکھ پائیں گے اور ان کی جگہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز میں سے کسی ایک کو کوچ کے عہدے پر تعینات کیا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Absar Jul 20, 2017 03:15pm
Pakistan women cricketers played n performed very well according to their talent n capacity. This is their first world cup n no one allowed to criticized them. It's a game. Remembered this is the team who won Gold medal in Asian games when men's team lost.