طب کے شعبے میں آپریشن یا سرجری کو اہم ترین طریقہ علاج قرار دیا جاتا ہے اور جو مرض دواؤں سے ٹھیک نہ ہوپائے اس کے لیے ڈاکٹر صاحبان جراحی کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔

آپریشن کے دوران معالج مریض کے لیے ہر ممکن پرسکون اور آرام دہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ آپریشن تھیٹر میں بھی حفظان صحت کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کی بہترین صورت حال برقرار رکھی جاتی ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق یہ آپریشن لوکل اینستھیزیا دینے کے بعد کیا گیا تھا.—فوٹو/ بشکریہ ٹائمز آف انڈیا
ڈاکٹرز کے مطابق یہ آپریشن لوکل اینستھیزیا دینے کے بعد کیا گیا تھا.—فوٹو/ بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

لیکن بھارت کے شہر بنگلور میں ایک ایسا عجیب و غریب آپریشن ہوا جس کے بارے میں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

بنگلور کے سٹی ہسپتال میں 32 سالہ موسیقار کے دماغ کے آپریشن کے دوران صورتحال نے اُس وقت عجیب رخ اختیار کیا جب مریض آپریشن تھیٹر میں گٹار بجاتا رہا اور سرجن ان کے دماغ کا آپریشن کرتے رہے۔

بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بنگلور کے 32 سالہ موسیقار اور گٹار بجانے کے شوقین شخص کو اعصابی نظام میں ہونے والے مسئلے نے آپریشن تھیٹر تک پہنچادیا۔

موسیقار، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، کی تین انگلیاں ڈیرھ سال قبل مسلسل گٹار بجانے کی وجہ سے متاثر ہوئیں، اس مسئلے کے علاج کے لیے ڈاکٹرز نے انہیں دماغ کے آپریشن کی تجویز دی۔

واضح رہے کہ اس مرض میں پٹھوں کے اضافی استعمال کی وجہ سے دماغ غلط سگنلز روانہ کرنے لگتا ہے اور متاثرہ شخص کے پٹھے اس کے قابو میں نہیں رہتے.

ڈاکٹرز کے مطابق موسیقار کی انگلیوں کے پٹھوں کی درستگی کے لیے ضروری تھا کہ وہ دماغ کے اس حصے کی پہچان کرسکے جو اس صورتحال کا سبب ہے.

آپریشن کا حصہ بننے والے یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے سرجن ڈاکٹر سنجیو کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے موسیقار گٹار بجاتا رہا اس کے دماغ کا وہ حصہ واضح طور پر دکھائی دینے لگا جو مسئلے کی جڑ تھا اور انہیں آپریشن کرنے میں آسانی ہوئی.

آپریشن سے قبل مریض کے سر میں ایک خصوصی فریم فٹ کیا گیا اور ایم آر آئی کا عمل مکمل کیا گیا جبکہ مذکورہ آپریشن سات گھنٹوں تک جاری رہا.

ڈاکٹرز کے مطابق یہ آپریشن لوکل اینستھیزیا دینے کے بعد کیا گیا تھا.

دوسری جانب کامیاب آپریشن سے گزرنے والے موسیقار کا کہنا ہے کہ وہ حیران ہے کہ اب وہ اپنی انگلیوں کو بالکل آسانی سے حرکت دے سکتے ہیں اور جس قدر چاہے گٹار بجا سکتے ہیں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں