بلوچستان کے ضلع خاران میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے کالعدم تنظیم کے سابق فراری کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سابق فراری کمانڈر احمد نواز ساسولی کی گاڑی پر خاران شاپنگ بازار کے علاقے میں میں فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سابق کمانڈر اپنے ایک ساتھی سمیت ہلاک ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

احمد نواز ساسولی نے گزشتہ دنوں حکام کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے اور ان کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ احمد نواز سیکیورٹی فورسز، پولیس اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، تاہم انہوں نے پرتشدد سرگرمیوں کو چھوڑ کر پرامن زندگی گزارنے کا عزم کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خاران میں فائرنگ، پولیس افسرشدید زخمی

کوئٹہ میں فائرنگ، 2 افراد ہلاک

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے نوان کلی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس نے کہا کہ دونوں افراد اپنے گھر کے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور قبیلے کے دیگر افراد نے کمشنر آفس کے باہر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

تاہم ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے افسران سے کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں