روزانہ صرف ایک منٹ کی ورزش ہڈیوں کیلئے فائدہ مند

20 جولائ 2017
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

زندگی بھر اپنی ہڈیوں کو مضبوط اور جوڑوں کے امراض سے بچنا چاہتے ہیں تو روزانہ کم از کم ایک منٹ کی ورزش کو معمول بنالیں۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ایکسٹر یونیورسٹی اور لیسٹر یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ صرف ایک منٹ کی ورزش بھی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں : ہڈیوں کی کمزوری کی 6 خاموش علامات

تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ ساٹھ سے ایک سو بیس سیکنڈ کی ورزش ہڈیوں کی صحت کو اس عادت سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں نمایاں حد تک بہتر بناتی ہے۔

تحقیق کے مطابق دو منٹ سے زائد ورزش کرن والوں کی ہڈیاں بھی زیادہ مضبوط ہوتی ہیں۔

خیال رہے کہ تیس سال سے زائد عمر کے بعد لوگوں میں ہڈیوں کا حجم سکڑنے لگتا ہے جبکہ اس کے نتیجے میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کے مرض کا خطرہ بڑھتا چلا جاتا ہے اور وہ جلد فریکچر بھی ہوسکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جوڑوں کے درد میں کمی لانے والے 16 عام طریقے

اس تحقیق کے دوران ڈھائی ہزار سے زائد خواتین کا جائزہ لیا گیا کیونکہ صنف نازک میں ہڈیوں کے امراض کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ روزانہ تھوڑی سی ورزش ہی ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے اور ہر سیکنڈ اس حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں