سعودی فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سعودی شہزادے کو فوری گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے قرار واقعی سزا دینے حکم بھی صادر کیا گیا ہے۔

الاخباریہ ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہزادے کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں اسے شہریوں پر تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائل ہو گئی تھی جہاں عوام نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حکام سے سعودی شہزادے کو فوری طور پر قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

سعودی فرمانرواں کے حکم پر شہزادے سعود بن عبدالعزیز بن مساعد بن سعود بن عبدالعزیز آل سعود اور یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی اس ویڈیو میں نظر آنے والے ان کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں پولیس نے شاہی خاندان کے شہزادے کو ہاتھ میں ہتھکڑیاں پہنائی ہوئی ہیں۔

ایک اور ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں گھر کے سامنے گاڑی پارک کرنے پر شہزادے کو کار میں بیٹھے ہوئے ایک شخص پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اس شخص کا خون بہہ رہا ہے۔

اس کے علاوہ بھی مذکورہ شہزادے کی کئی ویڈیو منظر عام پر آئیں جس میں اسے عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے اور غیرقانونی کاموں میں ملوث دکھایا گیا ہے۔

اب شاہی قوانین کے مطابق متاثرہ افراد کو شہزادے کے خلاف گواہی دینے کیلئے طلب کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں