آسٹریلیا کو شکست، بھارت ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں

21 جولائ 2017
سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد فاتح بھارتی ٹیم کا گروپ فوٹو— فوٹو: اے پی
سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد فاتح بھارتی ٹیم کا گروپ فوٹو— فوٹو: اے پی

ہرمن پریت کور کی شاندار اننگز کی بدولت بھارت نے ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

ڈربی میں بارش سے متاثرہ میچ کو 42 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا جہاں بھارت نےٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے ہرمن پریت نے عمدہ بیٹنگ سے درست ثابت کر دکھایا۔

ہرمن پریت کور نے سات چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ہرمن پریت کور نے سات چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

ہرمن پریت کور نے 115 گیندوں پر سات چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارت نے مقررہ اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 281 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ ی زینت بنایا۔

ہرمن پریت کی اننگز ویمنز ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلی گئی کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز ہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں متھالی راج 36، دیپتی شرما 26 اور ویدا کرشنا مرتھی 16 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 21 رنز پر ان کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔

ایلس پیری اور ایلس ویلانی نے چوتھی وکٹ کیلئے 105 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن پھر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔

اس کے بعد جرمین بلیک وڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ نبھا سی اور آسٹریلین ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 41ویں اوور کی پہلی گیند پر 245 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایلس پیری 38، ایلس ویلانی 75 اور بلیک ویل 56 گیندوں پر 90 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہیں۔

ہرمن پریت کور کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اتوار کو لارڈز میں ہونے والے فائنل میں بھارت کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں