عام عادات طویل زندگی کیلئے مددگار

22 جولائ 2017
یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

تمباکو نوشی سے گریز، صحت مند وزن برقرار رکھنا اور الکوحل سے دوری صحت مند اور طویل زندگی کی کنجی ثابت ہونے والی عادات ہیں۔

یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

میکس پلانک انسٹیٹوٹ فار ڈیموگرافک ریسرچ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اچھا طرز زندگی ذیابیطس، امراض قلب، دماغی تنزلی اور دیگر کئی جان لیوا امراض سے تحفظ دے کر لمبی زندگی کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 50 سال سے 89 سال کے 14 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ تمباکو نوشی اور الکوحل سے گریز اور جسمانی وزن میں کمی لاتے ہیں، ان کی زندگی کے دورانیے میں سات سال تک کا عرصہ بڑھ سکتا ہے اور موت تک ان کی صحت بھی اچھی رہتی ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ جو مرد موٹاپے کا شکار نہیں ہوتے اور تمباکو نوشی سے گریز کرتے ہیں، ان کی عمر میں اوسطاً 11 سال تک کا اضافہ ہوجاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں خواتین میں یہ دورانیہ 12 سال تک پہنچ سکتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ صحت مند طرز زندگی کے متعدد فوائد ہوتے ہیں اور اس کا حصول ناممکن بھی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ صحت کے لیے نقصان دہ رویوں سے گریز کرتے ہیں، وہ لمبی اور صحت مند زندگی گزارتے ہیں۔

(اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ہیلتھ افیئرز میں شائع ہوئے)

تبصرے (0) بند ہیں