افغانستان کے صوبے ہلمند میں امریکا کی فضائی حملے میں 16 افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہلمند پولیس کے ترجمان سلام افغان نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ واقعہ جمعہ کے روز اس وقت پیش آیا جب افغان سیکیورٹی اہلکار ایک گاؤں کو طالبان عناصر سے کلیئر کرا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’فضائی حملے میں دو کمانڈروں سمیت 16 افغان پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے۔‘

ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بھی فضائی حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی۔‘

یہ بھی پڑھیں: امریکی فضائی حملے میں 2 افغان پولیس اہلکار ہلاک

فضائی حملہ ہلمند کے ضلع گیرِیشک میں کیا گیا، جس کا بڑا حصہ طالبان کے زیر کنٹرول ہے۔

افغانستان کے نیٹو مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ’افغان سیکیورٹی فورسز نے امریکی حمایت یافتہ آپریشن کے دوران فضائی فائرنگ کے نتیجے میں کمپائنڈ میں موجود دوستانہ افغان فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتیں ہوئیں۔‘

بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا اعلان کیا گیا۔

امریکا، افغان اتحاد میں وہ واحد غیر ملکی فوج ہے جو افغانستان میں فضائی کارروائی کر رہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں