آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ’کریم‘ کو خطے میں پانچ سال مکمل ہوگئے، جب کہ پاکستان میں بھی اسے 2 سال مکمل ہونے کو ہیں۔

مصر سے شروع ہونے والی ملٹی نیشنل سفری سہولیات فراہم کرنے والی سروس نے خطے میں 21 جولائی 2012 میں متحدہ عرب امارات سے کام کا آغاز کیا۔

کریم نے پاکستان میں اکتوبر 2015 سے کام کا آغاز کیا۔

کریم نے جب پانچ سال قبل خطے میں سفر شروع کیا تو اس وقت اس کے رجسٹرڈ ڈرائیورز کی تعداد 90 ہزار تھی، جو اس وقت بڑھ کر ڈھائی لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے مزید 5 شہروں میں کریم سروس کا آغاز

کریم کے ڈھائی لاکھ ڈرائیورز میں سے اندازے کے مطابق قریبا ڈیڑھ لاکھ ڈرائیورز ایسے ہیں، جو سروس کے ساتھ کل وقتی کام کرتے ہیں۔

کریم کی سروس اس وقت 13 ممالک کے 80 شہروں میں چل رہی ہے، جب کہ اس کے ذریعے خطے کے ایک کروڑ افراد سفری سہولیات سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

کریم نے شروع میں پاکستان کے صرف دو شہروں کراچی اور اسلام آباد میں سروس شروع کی، جس کے بعد نومبر 2016 سے لاہور سمیت مزید 5 شہروں میں سروس کا آغاز کیا۔

کریم نے دسمبر 2016 سے پاکستان میں خواتین کے لیے بھی خصوصی سروس شروع کی۔

مزید پڑھیں: کریم نے پاکستان میں خواتین ڈرائیورز بھی متعارف کرادیں

خطے میں پاکستان کے علاوہ کریم کی سروس متحدہ عرب امارات کے شہروں میں زیادہ استعمال کی جاتی ہے، جہاں کریم کڈز سمیت دیگر سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں۔

کریم نے دسمبر 2016 میں پاکستان کے اندر رشتے کرانے کی سروس بھی متعارف کرائی، جس پر حالیہ دنوں میں ملک بھر میں اس وقت نئی بحث چھڑ گئی جب کمپنی کی جانب سے لوگوں کو رشتے سے متعلق پیغامات آنا شروع ہوئے۔

تین دن قبل ہی ملک میں کئی لوگوں کو کریم کی جانب سے ’آپ کا رشتہ آگیا ہے‘ جیسے پیغامات موصول ہوئے، جس کے بعد اس سروس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پراعلان کیا کہ لوگ کریم رائیڈ بُک کروائیں جس میں ان کے ساتھ ایک رشتہ کرانے والی خاتون بھی موجود ہوں گی۔

کریم کی جانب سے ایسے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس ’حلال‘ سروس کا خوب مذاق اڑایا اور سوشل میڈیا پر طرح طرح کی شیئرنگ کر ڈالیں۔

تبصرے (0) بند ہیں