بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان متھالی راج نے خواتین کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی تلاش، ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی طرز پر خواتین کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا مطالبہ کردیا۔

بھارتی کپتان کا یہ بیان گذشتہ روز ویمن ورلڈ کپ 2017 کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں 9 رنز کی شکست کے بعد سامنے آیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق متھالی راج کی ٹیم پورے میچ میں چھائی رہی لیکن میچ کے اختتامی مراحل میں انگلش باؤلر آنیہ شرب سول نے میچ کی کایا پلٹ دی۔

مزید پڑھیں: بھارت جیتی بازی ہار گیا، انگلینڈ ویمنز کرکٹ کا نیا عالمی چیمپیئن

انہوں نے میچ کے آخری اوورز میں اپنے تین اوورز کے دوران 11 رنز کے عوض 5 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اپنے ایک بیان میں بھارتی کپتان متھالی راج نے کہا ’اگر بھارت کے پاس بھی آسٹریلیا کی ویمن بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ کی سپر لیگ جیسا کوئی ایونٹ ہوتا تو نتیجہ کچھ اور نکل سکتا تھا‘۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھات میں کرکٹ کا انتظام چلانے والے ادارے (پی سی سی آئی) کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ ملک میں آئی پی ایل کی طرز پر ایک ٹورنامنٹ منعقد کرائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حالیہ ویمن ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی بہترین کارکردگی پر بھارت میں خواتین کرکٹ کو بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا میر پاکستانی ٹیم کی شکست کی ذمہ دار کیوں نہیں ہیں

انگلینڈ کے خلاف شکست کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام بھارتی کھلاڑی میچ کے دوران بہت زیادہ گھبرائی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے شکست ان کا مقدر بنی۔

یاد رہے کہ ایک روزہ کرکٹ کے فارمیٹ میں یہ دوسرا موقع تھا جب بھارت نے عالمی کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

بھارت نے اس سے قبل جنوبی افریقہ میں ہونے والے ویمن ورلڈ کپ 2005 میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوا تھا۔

فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو 98 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں