پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز دیکھنے میں آیا اور بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 235 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ہنڈریڈ انڈیکس 0.52 فیصد اضافے کے بعد 45 ہزار 529 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری حجم کے لحاظ سے موصلات کا شعبہ سب سے آگے رہا جس میں 2 کروڑ 68 لاکھ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا، جس کے بعد ٹیکسٹائل اور بینکنگ سیکٹرز نمایاں رہے۔

اے جے ایس گلوبل کی رپورٹ میں کاروباری سیشن کو ’بے جوش‘ کہا گیا کیونکہ مجموعی طور پر 10 کروڑ 60 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ہنڈریڈ انڈیکس میں مزید 359 پوائنٹس کی کمی

سینئر تجزیہ کار احسن محنتی نے کہا کہ ’حکومت کی جانب سے پاناما عملدرآمد کیس کا محفوظ فیصلہ قبول کرنے کا عزم ظاہر کرنے، اسٹیٹ بینک کے پالیسی ریٹ بیان میں اسٹیٹَس کو کا فیصلہ، غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے ڈیٹا اور مالی سال 2017 کے لیے ٹیکسٹائل برآمد کے ڈیٹا میں بہتری نے مارکیٹ کے مثبت رجحان میں اہم کردار ادا کیا۔‘

پیر کے روز 100 انڈیکس میں صرف 5 کروڑ 30 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت تقریباً 4 ارب ایک کروڑ روپے رہی۔

مجموعی طور پر 355 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 219 کی قدر میں اضافہ، 116 کی قدر میں کمی اور 20 کی قدر میں استحکام رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں