اسلام آباد: وزیراعظم محمد نواز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر مالدیپ پہنچ گئے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں، جہاں وہ مالدیپ کے 52 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز بھی ان کے ہمراہ مالدیپ گئے ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف مالدیپ کے صدر کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کریں گے۔

علاوہ ازیں دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: مالدیپ کے صدر کی دو روزہ دورے پر پاکستان آمد

مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے مئی 2015 میں پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا تھا، جس کے دوران سارک کو علاقائی تعاون کی ماڈل تنظیم بنانے میں فعال کردار ادا کرنے پراتفاق کیا گیا تھا۔

اس سے قبل مالدیپ کے سابق صدر مامون عبدالقیوم نے 2004 کی سارک کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں