چئیرمین میٹرو بس سروس اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا گیا۔

حنیف عباسی نے اپنے دعوے میں موقف اختیار کیا تھا کہ شیخ رشید احمد نے مختلف ٹی وی چینلز پر گفتگو کے دوران ان پر منشیات فروش ہونے اور 10 ٹن ہیروئن حاصل کرنے کا الزام لگایا۔

مزید دیکھیں: مسلم لیگ ن کا تابوت اور سیاسی جنازہ نکل آیا ہے،شیخ رشید

درخواست میں کہا گیا کہ شیخ رشید احمد نے عوامی اجتماع کے دوران کہا تھا کہ حنیف عباسی کے خلاف ہیروئن کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جو سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔

حنیف عباسی نے موقف اختیار کیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے ان پر بے بنیاد الزام لگا کر ان کی سیاسی ساکھ کو متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایفی ڈرین کیس: حنیف عباسی کی درخواست ضمانت منظور

ایڈیشنل سیشن جج گلزار احمد نے حنیف عباسی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ماہ 3 اگست کو عدالت میں طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ حنیف عباسی پر بدنام زمانہ ایفی ڈرین کیس میں ملوث ہونے کا الزام بھی لگایا جاتا رہا ہے جبکہ ممنوعہ کیمیائی مادہ ایفی ڈرین کی 500 کلو گرام مقدار حاصل کرنے کے الزام پر ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی طرف سے جاری کردہ دستاویز جمع کرانے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے نومبر 2012 میں ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی، بعدازاں اکتوبر 2014 میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے حنیف عباسی سمیت 10 ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں