’انارکلی‘ کا مجسمہ بھی مادام تساؤ کی زینت

25 جولائ 2017
مدھوبالا کا مومی مجسمہ رواں سال پیش کیا جائے گا — ۔
مدھوبالا کا مومی مجسمہ رواں سال پیش کیا جائے گا — ۔

اپنے وقت کی کامیاب ہندوستانی اداکارہ مدھوبالا کا مجسمہ بھی مادام تساؤ میوزیم کا حصہ بننے جارہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مدھوبالا کے مجسمے کو ہندوستان سینما کی کامیاب فلم ’مغل اعظم‘ میں ان کے شاندار کردار ’انارکلی‘ کا روپ دیا جائے گا جس کا افتتاح دہلی کے مادام تساؤ میوزیم میں رواں سال ہوگا۔

مزید پڑھیں: مدھو بالا کی حسین یادیں

خیال رہے کہ ’مغل اعظم‘ کے علاوہ مدھو بالا ’چلتی کا نام گاڑی‘، ’مسٹر اینڈ مسسز 55‘، ’کالا پانی‘ اور ’ہواڑہ برج‘ نامی کامیاب فلموں میں بہترین اداکاری کرچکی ہیں۔

ان کا شمار ہندی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بہترین شخصیات میں کیا جاتا ہے۔

دہلی میں موجود مادام تساؤ میوزیم کے ڈائیریکٹر انشل جین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ مدھو بالا کا مومی مجسمہ اس میوزیم میں رکھا جائے گا، وہ لاکھوں مداحوں کے دلوں پر راج کرچکی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ان کی خوبصورتی مداحوں کو یہاں ضرور لائے گی تاکہ وہ اداکارہ کے مجسمے کے ساتھ سیلفی بنوا سکیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’تب پیدا کیوں نہیں ہوا جب مدھوبالا موجود تھیں‘

مدھو بالا کو بین الاقوامی سطح پر اس وقت پہچانا گیا جب وہ 1952 میں ایک امریکی میگزین پر ان کی تصویر شائع ہوئی۔

اداکارہ کا انتقال طویل علالت کے بعد 1969 میں 36 سال کی عمر میں ہوا تھا اور اب ان کے اعزاز میں یہ مومی مجسمہ تیار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ دہلی میں مادام تساؤ میوزیم کا آغاز رواں ماہ ہی کیا گیا، یہ ہندوستان میں پہلا جبکہ دنیا بھر میں یہ 23واں مادام تساؤ میوزیم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کی مدھوبالا سے محبت ناکام کیوں؟

اس میوزیم میں اب تک اداکاروں میں صرف امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کا مجسمہ رکھا گیا ہے جبکہ گلوکارہ عاشہ بھوسلے اور شریا گھوشال کا مجسمہ بھی یہاں موجود ہے۔

مادام تساؤ میوزیم کی بنیاد 1835 میں لندن میں رکھی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں