گلیکسی ایس 8 کے مقابلے پر موٹرولا کا نیا فون

25 جولائ 2017
— فوٹو بشکریہ موٹرولا
— فوٹو بشکریہ موٹرولا

موٹرولا نے اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون موٹو زی ٹو فورس کو متعارف کرا دیا ہے جس میں پہلی بار اس کمپنی نے ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ پیش کیا ہے۔

اور گزشتہ سال کے ماڈل موٹو زی فورس کی طرح موٹو زی ٹو فورس بھی ایسا فون ہے جسے آپ فرش پر گرا دیں یا کسی پر دے ماریں، اس کا کچھ بگڑنے والا نہیں اور اس کی اسکرین ٹوٹ نہیں سکتی۔

اس فون میں سام سنگ گلیکسی ایس ایٹ جیسا طاقتور کوالکوم اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

مزید پڑھیں : موٹرولا بھی ڈوئل کیمرہ فون سامنے لانے کے لیے تیار

اس میں اینڈرائیڈ 7.1 آپریٹنگ سسٹم موجود ہے اور کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ گوگل کا نیا آپریٹنگ سسٹم آتے ہی اسے اپ دیٹ کردیا جائے گا۔

یہ فون گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں زیادہ پتلا ہے اور ڈیزائن کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ موٹرولا
فوٹو بشکریہ موٹرولا

تاہم اس میں گزشتہ سال کی 3500 ایم اے ایچ بیٹری کے مقابلے میں 2730 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

اور ہاں اس میں آئی فون سیون کی طرح ہیڈفون جیک بھی نہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ سال کے موٹو زی فورس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلا اسمارٹ فون تھا جس میں ہیڈ فون جیک کو ہٹایا گیا تھا، جس کے بعد آئی فون میں بھی یہ رجحان نظر آیا۔

تین چیزیں یا فیچرز موٹو زی ٹو فورس کے دیگر کمپنیوں کے فلیگ شپ فونز سے الگ کرتی ہے اور وہ ہے اسکرین، کیمرہ اور موٹو موڈز۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی اسکرین بہت سخت جان ہے اور اس کا ڈسپلے کسی طرح ٹوٹ نہیں سکتا اور نہ ہی خراش ڈالی جاسکتی ہے چاہے اسے روزانہ ہی کیوں نہ گرایا جائے، اس ٹیکنالوجی کو شیٹر شیلڈ کا نام دیا گیا ہے۔

5.5 انچ کی کواڈ ایچ ڈی امولیڈ ڈسپلے والے اس فون میں پہلی بار کمپنی نے ڈوئل رئیر کیمرہ دیا ہے۔

اس کے بیک پر دو 12،بارہ میگا پکسل کے f/2.0 کیمرے موجود ہیں، جس میں فیز ڈیٹیکشن اور لیزر آٹو فوکس کو دیا گیا ہے، جبکہ ایک کیمرہ مونوکروم شوٹ لیتا ہے اور دوسرا کلر میں شوٹ کرتا ہے، اس طرح یہ دونوں مل کر اعلیٰ ترین معیار کی تصاویر کو تشکیل دینے میں مدد دیتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ موٹرولا
فوٹو بشکریہ موٹرولا

آئی فون سیون پلس کے پورٹریٹ موڈ کی طرح اس میں تصویر کے پس منظر کو دھندلایا جاسکتا ہے جبکہ 'ٹرو بلیک اینڈ وائٹ' موڈ بھی موجود ہے۔

اس کے فرنٹ پر پانچ میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔

موٹو زی ٹو فورس میں موجودہ تمام موٹو موڈ یا موڈیولر ایسیسریز کو استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ کمپنی نے فون کے ساتھ اپنا ایک 360 ڈگری کیمرہ موٹو موڈ بھی متعارف کرایا۔

اور ہاں یہ فون گلیکسی ایس ایٹ کی طرح واٹر ریزیزٹنٹ تو نہیں تاہم کسی قسم کا واٹر پروٹٰکشن ضرور دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق بارش میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس کی قیمت 720 ڈالرز رکھی گئی ہے اور یہ اگست میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں