نوکیا کا پہلا فلیگ شپ فون 16 اگست کو

25 جولائ 2017
نوکیا 8 کی لیک تصویر — فوٹو بشکریہ وینچر بیٹ
نوکیا 8 کی لیک تصویر — فوٹو بشکریہ وینچر بیٹ

فن لینڈ کی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے اعلان کیا ہے کہ نوکیا کا پہلا اینڈرائیڈ فلیگ شپ فون اگلے ماہ کی 16 تاریخ کو متعارف کرایا جائے گا۔

اس حوالے سے لندن میں ایک ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نوکیا 8 نامی اس کمپنی کے پہلے اینڈرائیڈ فلیگ شپ فون کو پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل مختلف رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس فون کو 31 جولائی کو پیش کیا جاسکتا ہے تاہم اب کمپنی نے اس کی باضابطہ تاریخ 16 اگست رکھی ہے۔

اس فون کی تصاویر بھی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں۔

کہا جارہا ہے کہ نوکیا کا یہ پہلا فلیگ شپ فون اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر کے ساتھ ہوگا جبکہ ڈوئل بیک کیمرہ بھی دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : نوکیا کا 'آئی فون کلر' فلیگ شپ فون

اور نوکیا نے کیمرہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کارل زیسز لینس کا سہارا بھی لیا ہے جو کہ لومیا 1020 استعمال کرنے والے صارفین بخوبی جانتے ہوں گے۔

اس فون کے بلیو، سلور اور کاپر رنگ متعارف کرائے جاسکتے ہیں اور نوکیا 8 کمپنی کے لیے بڑا امتحان بھی ہے۔

نوکیا 3310 کی کامیاب واپسی سے قطع نظر ایک فلیگ شپ اینڈرائیڈ فون کو سام سنگ، موٹرولا، ایل جی اور گوگل جیسی کمپنیوں کی ڈیوائسز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

اس فون کی قیمت 589 یورو (70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوسکتی ہے، تاہم ہوسکتا ہے کہ اس میں مزید کمی لائی جائے تاکہ دیگر کمپنیوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں