کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کراچی میں پولیس اہلکاروں پر حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گرد عناصر کی اطلاع دینے والے کے لیے ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔

رینجرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سمیت رینجرز، پولیس اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی خصوصاً کراچی میں پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے اور اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشنز کے لیے مربوط حکمت عملی مرتب کی گئی۔

ڈی جی رینجرز نے پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد عناصر کی شناخت میں مدد اور مستند اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے ایک کروڑ روپے انعام دینے کا بھی فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں دھماکے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد ہی کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

نامعلوم مسلح افراد نے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ابوالحسن اصفہانی روڈ پر فرائض کی انجام دہی کے دوران نشانہ بنایا۔

قبل ازیں کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم کے قریب پولیس وین پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں کو چہرے، ماتھے اور سینے پر گولیاں ماری گئیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر شیراز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو 7 سے 10 فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں