بوئنگ 777 اڑانے والی دنیا کی کم عمر ترین بھارتی خاتون

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2017
عینی دِویا نے صرف 30 سال کی عمر میں بوئنگ 777 طیارہ اڑا لیا — ۔
عینی دِویا نے صرف 30 سال کی عمر میں بوئنگ 777 طیارہ اڑا لیا — ۔

ایک بھارتی خاتون نے دنیا میں بوئنگ 777 طیارہ اڑانے والی سب سے کم عمر خاتون پائلٹ کا اعزاز حاصل کرلیا۔

عینی دِویا نامی بھارتی خاتون نے اپنی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے صرف 30 سال کی عمر میں پائلٹ بننے کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جسے پہلے ان کی کمیونٹی کے لوگ غیرمعمولی کام سمجھتے تھے۔

مزید پڑھیں: چین کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ طیارہ حادثے میں ہلاک

مرر ناؤ کی ایک رپورٹ کے مطابق عینی دویا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’خوش قسمتی سے میرے والدین نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، جبکہ بہت سے لوگوں نے انہیں ایسا کرنے سے منع بھی کیا تھا، لوگوں نے بہت مزاحمت کی، خاص کر مجھے فیس ادا کرنے میں بھی کافی مسئلہ ہوا جو اُس وقت میرے والدین کے لیے بہت زیادہ تھی‘۔

بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں وجایاواڈا نامی شہر سے تعلق رکھنے والی دویا نے مقامی اسکول سے تعلیم حاصل کی جہاں ہر بچہ اپنے والدین کی خواہش پر انجینئر اور ڈاکٹر بننا چاہتا تھا لیکن دویا ایک مختلف راہ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا، ’میں بچپن سے ہی پائلٹ بننا چاہتی تھی، یہ الگ بات کہ مجھے میرے آس پاس کے لوگوں نے اس حوالے سے کچھ نہیں سکھایا‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کا پائلٹ سوشل میڈیا پر چھاگیا

اپنے والدین کی سپورٹ کے ساتھ عینی دِویا نے 17 سال کی عمر میں اندرا گاندھی راشٹریا ارڑن اکیڈمی میں داخلہ لیا، جہاں انہوں نے بہت محنت کی اور اسکالر شپ حاصل کرکے 19 سال کی عمر میں اپنی ٹریننگ ختم کرلی۔ ایئر انڈیا میں ملازمت کرتے ہوئے عینی دِویا نے اسپین اور لندن میں بوئنگ 737 اڑانے کی تربیت لی جس کے بعد وہ دنیا کا سب سے بڑا ٹوئن جیٹ بوئنگ 777 اڑانے کے قابل ہوئیں۔

اس حوالے سے عینی دِویا نے بتایا، ’مجھے بوئنگ 737 پر کمانڈ حاصل ہوئی لیکن میں ہمیشہ سے بوئنگ 777 اڑانا چاہتی تھی، اس لیے مجھے کچھ اور وقت انتظار کرنا پڑا‘۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے پریمیئر سروس کا افتتاح

ایئر انڈیا میں کام کرنے کے دوران انہوں نے بی ایس سی ایوی ایشن کی ڈگری حاصل کی اور اپنی تنخواہ سے بہن بھائیوں کی بیرون ملک تعلیم کا خرچہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ والدین کے لیے گھر بھی خریدا۔

عینی دِویا نے دوسری خواتین کو بھی حوصلہ دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور وہ کریں جو وہ کرنا چاہتی ہیں، ان کا کہنا تھا، ’ہر خاتون کو اپنا خواب پورا کرنا چاہیے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں