پاکستانی فلمیں ایمی ایوارڈز کیلئے نامزد

26 جولائ 2017
’امنگ دی بلیورز‘ کو ایک، اور ’اے گرل ان دی ریور‘ کو تین ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا — فائل فوٹو
’امنگ دی بلیورز‘ کو ایک، اور ’اے گرل ان دی ریور‘ کو تین ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا — فائل فوٹو

پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے اور محمد علی نقوی کی دستاویزی فلمیں رواں سال منعقد ہونے والے 38ویں سالانہ نیوز اور ڈاکومنٹری ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں میں شامل کی گئیں ہیں۔

شرمین عبید چنائے کی ڈاکومنٹری ’اے گرل ان دی ریور: دی پرائس آف فارگیونس‘ کے نام تین ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا، جن میں بہترین دستاویزی فلم، آؤٹ سٹینڈنگ شارٹ ڈاکیومنٹری اور آؤٹ سٹینڈنگ میوزک اینڈ ساؤنڈ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ' سیونگ فیس' کے نام دو ایمی ایوارڈز

دوسری جانب محمد علی نقوی کی فلم ’امنگ دی بلیورز‘ آؤٹ سٹینڈنگ پولیٹکس اینڈ گورنمنٹ ڈاکومنٹری کے ایوارڈ کے لیے نامزد کی گئی۔

خیال رہے کہ یہ وہی ڈاکومنٹری فلم ہے جسے پاکستان میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس فلم کو نیوزی لینڈ کے انٹرنیشنل ڈاکومنٹری فلم فیسٹیول ڈاک ایج میں دو ایوارڈز سے نوازا بھی جاچکا ہے۔

اس کے علاوہ ایرانی امریکی مصنف رضا اسلن کی پروڈکشن میں بننے والی ڈاکومنٹری ’دی سیکرٹ لائف آف مسلمز‘ کو آؤٹ سٹینڈنگ شارٹ ڈاکومنٹری کے زمرے میں نامزد کیا گیا، جو اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کے لیے شرمین عبید چنائے کی فلم کے مدمقابل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: شرمین عبید چنائے کے نام ایک اور آسکر ایوارڈ

خیال رہے کہ شرمین عبید چنائے اس سے قبل اپنی ڈاکومنٹری فلم ’چلڈرن آف طالبان‘ کے لیے ایک اور ’سیونگ فیسز‘ کے لیے دو ایمی ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں۔

ان کی ڈاکومنٹریز ’سیونگ فیسز‘ اور ’اے گرل ان دی ریور‘ کو آسکرز ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لال مسجد ڈاکومنٹری کیلئے نیوزی لینڈ میں ایوارڈ

نیوز اینڈ ڈاکومنٹری ایمی ایوارڈز رواں سال 5 اکتوبر کو امریکی شہر نیویارک میں پیش کیے جائیں گے، ایوارڈ کی نامزدگیوں کی مکمل فہرست یہاں دیکھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں