بہترین ڈرامہ ’لنڈا بازار‘ کا 15 سال بعد سیکوئل

27 جولائ 2017
’لال عشق‘ نامی ڈرامہ کی کہانی مصنف خلیل الرحمٰن نے تحریر کی، جس کی ہدایات دلاور ملک دے رہے ہیں— ۔
’لال عشق‘ نامی ڈرامہ کی کہانی مصنف خلیل الرحمٰن نے تحریر کی، جس کی ہدایات دلاور ملک دے رہے ہیں— ۔

جہاں پاکستانی سینما انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، وہیں ڈرامہ انڈسٹری بھی اپنے ماضی کے کچھ کامیاب ڈراموں کے ساتھ مزید ابھرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔

15 سال قبل ریلیز ہونے والے کامیاب ڈرامے ’لنڈا بازار‘ نے ٹی وی پر ریلیز ہوتے ہی خوب داد وصول کی تھی اور اب اس کا سیکوئل بنایا جارہا ہے۔

’لال عشق‘ نامی ڈرامہ ’لنڈا بازار‘ کا سیکوئل ہے، ان دونوں ڈراموں کی کہانی مصنف خلیل الرحمٰن نے تحریر کی، جس کی ہدایات دلاور ملک دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہر دور کے سب سے مقبول 20 پاکستانی ڈرامے

اس نئے ڈرامے میں ’لنڈا بازار‘ کی کاسٹ موجود ہوگی، اور بہت سے اداکار اپنا پُرانا کردار ہی ادا کریں گے۔

’لنڈا بازار‘ گلوکار علی ظفر کے کیریئر کا پہلا ڈرامہ بھی تھا، انہوں نے اس سے قبل ایک پلے ’کالج جینز‘ میں کام کیا تھا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں خلیل الرحمٰن قمر، بابر علی، فرح شاہ، فردوس جمال، شفقت چیمہ اور سیمیٰ راحیل شامل تھے۔

اس حوالے سے خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’ریمیک اور سیکوئل بنانا کافی مشکل ہے، کیوں کے ہر دور الگ ہوتا ہے اور یہ ڈرامہ 15 سال بعد بنایا جارہا ہے، لیکن میرا ماننا ہے کہ ڈرامے کی کہانی اس ہی طرح آج کے معاشرے کو پیش کرے گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ہر دور میں مقبول پاکستانی لیجنڈ اداکار

انہوں نے مزید بتایا کہ ’چند اداکاروں کے وہی کردار ہوں گے، اس کے علاوہ ڈرامے کا پلاٹ بالکل نیا ہے، اور یہ میرے دل سے کافی قریب ہے‘۔

’لنڈا بازار‘ کی کہانی ایک نوجوان لڑکے بالی (بابر علی) کے گرد گھومتی ہے جو جرائم اور فساد کی دنیا میں زندہ رہنے کی جدوجہد کرتا ہے، ساتھ ساتھ اپنی منگیتر زُہرا (فرح شاہ) کے ساتھ بھی بہتر تعلق رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نجی چینلز کے مقبول ترین ڈرامے

جبکہ اس کے سیکوئل ’لال عشق‘ میں بھی بابر علی نے بالی کا ہی کردار ادا کیا، تاہم زُہرا کا کردار فرح شاہ کے بجائے فریال محمود ادا کریں گی۔

ڈرامے کی نئی کاسٹ میں تراب خلیل، ارسلان محمود، فریال محمود اور صبا قمر اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

ایسی بھی رپورٹس سامنے آئیں کہ علی ظفر ’لنڈا بازار‘ کی طرح ’لال عشق‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گے، تاہم یہ وقت ہی بتائے گا کہ کیا وہ ٹی وی پر واپسی اختیار کررہے ہیں یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں