بھارت کے 600 رنز، سری لنکا کو فالو آن کا خطرہ

27 جولائ 2017
سری لنکن بلے باز اپل تھارنگا کی وکٹ حاصل کرنے پر بھارتی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن بلے باز اپل تھارنگا کی وکٹ حاصل کرنے پر بھارتی کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

گال: بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم مشکلات سے دوچار ہے اور مہمان ٹیم کے 600 رنز کے جواب میں سری لنکن ٹیم 153 رنز پر پانچ کھلاڑیوں سے محروم ہو کر فالو آن کے خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔

گال میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 399 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو چتیشوار پجارا 144 اور اجنکیا راہانے 39 رنز پر کھیل رہے تھے۔

پجارا 153 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اجنکیا راہانے 57، ہاردیک پانڈیا نے 50، ایشون نے 47 اور محمد شامی نے 30 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مزید بہتر کیا، وردھیمان ساہا 16 اور رویندرا جدیجا 15رنز بنا سکے۔

بھارت کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 600 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور دوسرے روز کھیل کے اختتام پر آئی لینڈرز نے 154 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں اور اب فالو آن کے خطرے سے دوچار ہے۔

دمتھ کرونارتنے دو ، اپل تھرنگا 64، گوناتھیلاکا 16، کشال مینڈس صفر اور نروشن ڈکویلا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اینجلو میتھیوز 54 اور دلوروان پریرا 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے دو جبکہ امیش یادو اور ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آئی لینڈرز کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 246 رنز کی ضرورت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں