پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کے روز بھی کاروبار حصص میں ملا جلا رجحان رہا اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 45 ہزار 906 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے دوران ایک موقع پر 46 ہزار پوائنٹس کی سطح کو چھونے کے بعد انڈیکس 45 ہزار 900 پوائنٹس پر واپس آگیا، تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 20 ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جمعرات کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گیس، پیٹرولیم، موٹرز، اسٹیل اور توانائی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46 ہزار 26 پوائنٹس کی سطح پر جاپہنچا، مگر کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار برقرار نہ رہ سکی۔

کاروباری حجم کے لحاظ بینکنگ سیکٹر نمایاں رہا جس میں 3 کروڑ 16 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ اتار چڑھاؤ کے بعد منفی زون میں بند

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا کہ ’سرمایہ کار سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے منتظر ہیں، جس کے باعث ان کی مارکیٹ میں دلچسپی کم نظر آرہی ہے۔‘

ہنڈریڈ انڈیکس میں کل 7 کروڑ 34 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت تقریباً 4 ارب ایک کروڑ روپے رہی۔

مجموعی طور پر 372 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 132 کی قیمتوں میں اضافہ، 221 کی قیمتوں میں کمی اور 19 کی قدر میں استحکام رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں