صوبہ پنجاب کے شہر اٹک کے قریب وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی وین راولپنڈی سے پشاور آرہی تھی کہ اٹک کے قریب حسن ابدال روڈ پر ایبٹ آباد چوک کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔

مذکورہ ہائی ایس وین، ٹرک سے تصادم کے بعد قریب نصب گیس کی مین پائپ لائن سے ٹکرا گئی، جس کے بعد وین اور گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی۔

مزید پڑھیں: بہاولپور: آئل ٹینکر میں آتشزدگی، 157 افراد ہلاک

حادثے کے نتیجے میں وین میں سوار 6 مسافر موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

اٹک میں حادثے کے بعد وین اور ٹرک مکمل تباہ ہوگئے— فوٹو: ڈان نیوز
اٹک میں حادثے کے بعد وین اور ٹرک مکمل تباہ ہوگئے— فوٹو: ڈان نیوز

ایس ایچ او صدر سٹی سرکل عباس نے ڈان نیوز کو بتایا کہ حادثے میں ٹرک ڈرائیور سمیت 6 افراد جھلس کر ہلاک ہوئے ہیں،

انہوں نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں ٹرک اور وین مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ واقعے مٰں زخمی ہونے والے دو افراد کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال حسن ابدال منتقل کیا تھا تاہم ان کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے انہیں راولپنڈی ریفر کردیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ اور پولیس موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کاموں کا آغاز کیا۔

ریسکیو حکام نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پر قابو پاکر لاشوں کو وین سے نکال لیا گیا، تاہم وین میں موجود تمام مسافر بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے، جن کی تعداد 13 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام لاشیں ناقابل شناخت ہیں اور انہیں مزید کارروائی کے لیے حسن ابدال کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بعد ازاں ریسکیو حکام نے بتایا کہ واقعے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جون میں صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 157 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں یہ ہلاکتیں 210 سے تجاوز کرگئیں تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں