بلوچستان: ایف سی کی کارروائی،2ہزارکلوگرام دھماکاخیز مواد برآمد

31 جولائ 2017
ایف سی کی جانب سے کارروائی قلعہ عبداللہ میں کی گئی—فوٹو:آئی ایس پی آر
ایف سی کی جانب سے کارروائی قلعہ عبداللہ میں کی گئی—فوٹو:آئی ایس پی آر

ایف سی نے بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 2 ہزار کلوگرام دھماکا مواد برآمد کرلیا جبکہ دو مشتبہ فراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نے بلوچستان میں ایک خطرناک دہشت گرد کارروائی کو ناکام بنا دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 2 ہزار کلوگرام دھماکا خیز مواد قلعہ عبداللہ کے علاقے اسپن ٹیزا میں تلاشی کے دوران ایک گاڑی سے برآمد کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جون میں پاک فوج نے بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے تحت اسپلنجی اور مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے 12 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں:بلوچستان میں 12 دہشت گرد ہلاک،بھاری اسلحہ برآمد،آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کاہان سے 55 کلومیٹر دور سکھن نالہ دارانگو میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں اور کارروائیوں کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئیں۔

اعلامیے کے مطابق 'دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں بندوقیں، راکٹ لانچر،مائنز، ڈیٹونیٹرز اور مواصلاتی آلات شامل ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں