گوگل پکسل 2 بھی بیزل لیس اسکرین کے ساتھ

03 اگست 2017
گوگل پکسل — فوٹو بشکریہ گوگل
گوگل پکسل — فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے گزشتہ سال اپنا پہلا اسمارٹ فون پکسل متعارف کرایا تھا، جسے 2016 کا سب سے بہترین فون بھی قرار دیا گیا اور اب اس کا نیا ورژن سامنے آنے والا ہے۔

اگرچہ گوگل نے اب تک اس کی تاریخ رونمائی کا کوئی اعلان نہیں کیا مگر آئی فون ایٹ اور گلیکسی نوٹ ایٹ کی طرح پکسل ٹو کی تصاویر بھی لیک ہوکر سامنے آگئی ہیں۔

اب کی بار برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک آن لائن ریٹیلر موبائل فن نے گوگل پکسل ٹو کی تصاویر کی لیک کی ہیں۔

اس ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ اسے یقین ہے کہ نیا گوگل فون اسی طرح کا ہوگا۔

فوٹو بشکریہ موبائل فن
فوٹو بشکریہ موبائل فن

ان نئی تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس بار ایل جی کی جانب سے اسے تیار کیا جارہا ہے اور اب کی بار بڑی اسکرین، بہت کم بیزل اور فنگر پرنٹ سنسر وغیرہ موجود ہوں گے۔

مزید پڑھیں : کونسے اسمارٹ فون کا کیمرہ سب سے بہترین؟

اور ہاں یہ بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ گوگل اب کی بار ہیڈ فون پورٹ کو ختم کرنے والا ہے کیونکہ تصویر میں کوئی پورٹس نظر نہیں آرہی۔

اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر اور چار جی بی ریم ہونے کا امکان ہے، جیسا گلیکسی ایس ایٹ میں دیا گیا ہے تاہم اسے ایچ ٹی سی یو الیون کی طرح اسکیوز فریم دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

یعنی فون کو ہاتھ میں لے کر اسکرین کو چھوئے بغیر مٹھی سے مختلف ایپس کو لانچ کیا جاسکے گا۔

گزشتہ سال گوگل پکسل کو اکتوبر میں متعارف کرایا گیا تھا اور امکان ہے کہ اس سال بھی اسی مہینے یہ سامنے آئے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں