لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکیال اور کھوئی رٹہ سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور ایک زخمی ہوگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ اور کریلا (نکیال) سیکٹرز میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔

بھارتی فورسز کی اس اشتعال انگیزی سے کریلا سیکٹر میں خاتون جاں بحق جبکہ کھوئی رٹہ سیکٹر میں ایک خاتون زخمی ہوئی۔

دونوں سیکٹرز آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں واقع ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کے جواب میں بھرپور کارروائی کی اور ان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی جارہی تھی۔

کوٹلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) چوہدری ذوالقرنین سرفراز نے بتایا کہ گاؤں سلور تُرکنڈی کی 45 سالہ منیر بیگم بلانشان سرحدی لائن کے قریب گھاس کاٹ رہی تھیں، جس دوران انہیں بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارتی فورسز نے اس کے بعد بھی فائرنگ کا سلسلہ نہ روکا جس کے باعث خاتون کی لاش کئی گھنٹے بعد اٹھائی گئی۔‘

چوہدری ذوالقرنین سرفراز کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے کھوئی رٹہ سیکٹر میں مسرت بی بی نامی خاتون زخمی بھی ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں