وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر آرمی چیف کی مبارکباد

اپ ڈیٹ 08 اگست 2017
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کا ایک منظر — فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کا ایک منظر — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پہلی ملاقات میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق منگل (8 اگست) کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس کے دوران وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں آپریشن ردالفساد اور خیبر فور اہم ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پوری قوم کو انسداد دہشت گردی میں پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔

آرمی چیف نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد دی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز اور کوششوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

خیال رہے کہ 28 جولائی 2017 کو سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔

بعد ازاں گذشتہ ہفتے یکم اگست کو شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا اور 4 اگست کو ان کی کابینہ نے بھی حلف اٹھا لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں